برلن/اسلام آباد (ظہور احمد) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے جنرل سیکرٹری طارق محمود اعوان نے دورئہ پاکستان کے دوران اسلام آباد میں اوورسیز پیپلز پارٹی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر رحمان ملک سے ملاقات کی اور پر مسرت جذبات کے اظہار کے ساتھ پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سید سجاد حسین نقوی کا خط پیش کیا۔
ملاقات میں جرمنی میں تنظیمی معاملات اور سمندر پار پاکستانیوں کی ڈبل نیشنلٹی سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس دوران سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پارٹی ورکر کسی منفی پروپیگنڈامیں نہ آئیں ، پارٹی کے نظم وضبط پر مضبوطی سے عمل پیرا ہو کر کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا جرمنی میں پارٹی کے صدر سجاد حسین نقوی ہیں اور رہیں گے انہوں نے تمام پارٹی ورکروں کو پیغام دیا کہ وہ پارٹی ڈسپلن سے جرمنی کی تنظیم کے ساتھ مل کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا شہید بھٹو کے فکر و فلسفے کے مطابق خدمت کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے کمیونٹی مسائل پر بھر پور توجہ دیں آخر انہوں نے یقین دلایا کہ عنقریب جرمنی کے دورئہ پر بھٹو ہائوس برلن میں اپنے ورکر ساتھیوں کے درمیان بلمصافہ ملاقات ہوگی۔