کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بارکھان کے علاقے چچہ میں سینیٹرسرفراز بگٹی اور ان کے گن مینوں کے خلاف لیویز ناکے پر حملہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
چچہ لیویز تھانے میں نائب تحصیلدار رکنی کی ہدایت پر لیویز دفعدار ظاہر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے سینیٹر سرفراز بگٹی دن ساڑھے تین بجے بیکٹر سے چچہ لیویز ناکے پر پہنچے تو ناکا لگا ہوا پایا اور ناکے کو دیکھ کر سرفراز بگٹی اوران کے گن مین مشتعل ہو گئے۔
مقدمے کے مطابق سرفراز بگٹی کے گن مینوں نے گالم گلوچ کے بعد ناکے پر فائرنگ کی جس کے باعث لیویز اہلکاروں نے چھپ کر اپنے جان بچائی جب کہ سرفراز بگٹی اور ان کے گن مینوں نے چوکی کونقصان پہنچنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب بات چیت کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر جھوٹی ہے ،ڈی سی بارکھان نے سیاسی بنیادوں پر ایف آئی آر درج کی ہے، میں نے تو اس علاقے میں سفر ہی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی کے خلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق لاؤں گا۔