اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن نے سینیٹر یعقوب ناصر کو مستقل صدر کے انتخاب تک پارٹی کا قائم مقام صدر چن لیا۔ مرکزی مجلس عاملہ نے اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔
حکمران جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، راجا ظفرالحق، اسحاق ڈار اور چوہدری نثار سمیت تمام اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ یعقوب ناصر کو قائم مقام صدر بنانے کی متفقہ طورپر منظوری دی گئی۔ وہ مستقل پارٹی صدرکےانتخاب تک ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ (ن) لیگ کے آئین کے مطابق سینئر نائب صدر کو ہی قائم مقام یا مستقل صدر بنایا جاسکتا ہے، شہبازشریف اس وقت (ن) لیگ کے صوبائی صدر ہیں آئینی طور پرانہیں براہ راست قائم مقام صدر نہیں بنایا جا سکتا، 45 روز بعد مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں شہبازشریف کو سینئر نائب صدر منتخب کرایا جائے گا، پارٹی کے مستقل صدر شہبازشریف ہونگے۔
سردار یعقوب خان ناصر کا تعلق بلوچستان سے ہے، وہ صوبائی، وفاقی وزیر، کئی مرتبہ پارلیمنٹ کے رکن رہ چکے ہیں، اب بھی وہ (ن) لیگ کے ٹکٹ پر اسلام آباد سے سینیٹ کے رکن ہیں، کیونکہ وہ عام انتخابات میں جے یو آئی رہنما وفاقی وزیر مولانا امیر زمان سے الیکشن ہار گئے تھے۔