اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی کا ہر مشکل ترین ادوار میں ساتھ دیا تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے انہیں پارٹی کے اجلاسوں میں شامل نہیں کیا جا رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے کابینہ اجلاس میں بھی کہا کہ میں چھوٹا محسوس کررہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ آج کی پریس کانفرنس شاید میری زندگی کی سب سے مشکل پریس کانفرنس ہو، شہبازشریف و دیگر وزرا بیٹھے تھے ،انہوں نے گلہ کیا آپ نے پریس کانفرنس رکھ لی۔‘
چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف، ن لیگ کیساتھ اپنی ساری زندگی داؤ پر لگائی کبھی مڑکر نہیں دیکھا لیکن مجھے سینیر ترین مشاورت میں مجھے نہیں بلایا گیا اور بن بلائے میں جاتا نہیں، نہ میں کبھی گیا، میرے لیے یہ کہنا تضحیک آمیر ہے کہ مجھے مشاورت سے الگ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 33 سال سے وہ ہر میٹنگ میں موجود ہوتے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اتوار اور پیرکو جو میٹنگ بلائی گئی تھی اس میں ایک بڑا فیصلہ کرلیا تھا اور اعلان کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنھوں نے پارٹی قائم کرنے میں مدد کی میں ان میں شامل ہوں، جس نے بھی کہا نثار پارٹی نہیں چھوڑے گا میرے لیے اس سے بڑا تمغہ نہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ انہوں نے تمام عمر نواز شریف کے سامنے سچ کہنے کی جسارت کی ہے، کبھی پیچھے نہیں ہٹا، میرا کردار نواز شریف کے ساتھ یہی ہے۔
انہوں کہا کہ ’ رات کو روز سوچتا ہوں کہ مجھ سے کیا غلطیاں ہوئیں، میں منافق نہیں ہوں، میں نے وزیراعظم سے کہا آپ نے باتیں کیوں سنیں ،آپ مجھے بلا کر پوچھ لیتے، میری زندگی میاں صاحب آپ کو یہ بتاتے گزری کہ یہ غلط ہےاور وہ غلط ہے۔‘