لاہور (جیوڈیسک) ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل سنیئر کھلاڑیوں نے سال کی بجائے تین ماہ کے سینٹرل کنٹریکٹ کی پیش کش مسترد کر دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ دینے کی بجائے تین ماہ توسیع کر دی گئی تھی جس پر ٹیم میں شامل سنیئر کھلاڑیوں نے دستخط کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
ان کھلاڑیوں میں مصباح الحق’ یونس خان’ شاہد آفریدی اور محمد حفیظ شامل ہیں ورلڈ سکواڈ میں آٹھ کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں ڈی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ عمر گل’ عبدالرحمان اور جنید خان کو بن کھیلے ہی سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ ملی۔ ذرائع کے مطابق سنیئر کھلاڑی میگا ایونٹ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے جس کے بعد اعلان ہونے والے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں انہیں پہلی جیسی مراعات ملنے کا امکان نہیں۔