کراچی : صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی درسگاہوںپر سہولیات اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کا سنیئر ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ایم سی بلال منظر کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات خصوصاً حفاظتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے ایجوکیشن افسران ،ایجوکیشن ورکس اور بلدیہ کورنگی کے محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے اسکولوں کے معائنے پر کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بلدیہ کورنگی کو منتقل ہونے والے اسکولوں میں تعلیمی معیار ،درسگاہوں کی عمارتوں کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو اساتذہ،والدین اور علاقہ عمائدین کے باہمی مشاورت کے ساتھ مزید موثر بنا نے کے لئے لائحہ عمل تیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عوام کے باہمی تعاون کے ذریعے بلدیہ کورنگی کے اسکولوں میں حاضری کی شرح کو بہتر بنا نے کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے مثالی ادارہ بنا کر نجی اور سرکاری اسکولوں کی تفریق کا خاتمہ کیا جائیگا ۔بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں کے تفصیلی دورے کے موقع پر اسکولوں کے اطراف قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ اسکولوں کے اطراف قائم تمام رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ضلع کورنگی کی حدود میں درسگاہوں کے اطراف تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات سمیت دیگر رکاوٹوں کی روک تھام کے لئے نگرانی کا موثر انتظام کیا جائے۔
اس موقع پر سنیئر ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ایم سی بلال منظر نے درسگاہوں کا بہتر ماحول ہی معاشرے کی ترقی کا ضامن ہے انہوں نے ایجوکیشن افسران سے کہاکہ وہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے درس گاہوں کی حالت زار کو بہتر بنا ئیں طلباء و طالبات اور اساتذہ کو اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا نے پر توجہ دیں۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ یونین کمیٹیز کے سطح پر تعلیمی معیار کی بہتری اور درسگاہوں کی سیکورٹی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے علاقہ معززین اور اساتذہ پر مشتمل نگراں کمیٹی تشکیل دی جائی گی تاکہ ضلع کورنگی پرائمری و سیکنڈری اسکولوں کی سطح پر تعلیمی نظام کو بہتر اور بچوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جاسکے۔