سینئر صحافیوں کا مجید نظامی کوخراج تحسین

Majid Nizami

Majid Nizami

کراچی (جیوڈیسک) سینئر صحافیوں نے نوائے وقت گروپ کے چیرمین مجید نظامی کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں صحافت کی نرسری قرار دیا ہے اور صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے قلم سے ہمیشہ جمہوریت کی حمایت کی۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے مجید نظامی کوخراج تحسین پیش کرتےہوئے کہاکہ وہ ایسے صحافی تھے جنہوں نے آزادی صحافت کو جمہوریت کی مضبوطی سے مشروط رکھا اور اپنے قلم کے ذریعے ہمیشہ جمہوریت کی حمایت کی ۔ حامد میر نے کہاکہ مجید نظامی کا صحافتی کیریئر نصف صدی پر مشتمل تھا اور وہ اپنے کیریئر میں نوجوان صحافیوں سے بھی رابطے رکھتے اور ان کی رہنمائی کرتے تھے۔

بیورو چیف رانا جواد نے کہا کہ انہوں نے مجید نظامی کی سرکردگی میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، صحافت سے متعلق ان کے نظریات پختہ تھے اور وہ نئے آنے والے صحافیوں کے لیے ادارے کا درجہ رکھتے تھے۔ اینکر پرسن اور سینئر صحافی افتخار احمد نے کہا کہ مجید نظامی بہت لمبےعرصے تک عملی صحافت سے وابستہ رہے اوران کی رپورٹنگ میں پاکستان سب سے اہم تھا۔

روزنامہ جنگ کراچی کےایڈیٹر نذیر لغاری نےکہا کہ مجید نظامی پاکستانی صحافت کے بانی صحافیوں میں سے تھے۔ اینکرپرسن سلیم صافی نے کہا کہ مجید نظامی نے صحافت کو مشن سمجھ کر اپنایا اور وہ ملک میں صحافت کی بنیاد رکھنے والے صحافیوں میں شامل تھے۔