لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سینئر وکیل کوثر ثقلین اور ان کے بچوں کے سفاکانہ قتل پر اظہار مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ واقعہ عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشوں کا شاخسانہ ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں سینئر وکیل اور سندھ بار کے سینئر رکن کوثر ثقلین کی گاری پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں کوثر ثقلین اپنے دو کم سن بچون سمیت شہید ہو گئے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہونے والی دہشت گردی کی نہ رکنے والی وارداتیں حکومت ، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ اور کھلا چیلنج ہیں۔ کوثر ثقلین اور ان کے معصوم بچوں کا قتل پورے ملک خصوصا کراچی میں عوام کو فرقہ وارانہ بنیاد پر تقسیم کرنے کے لئے جاری سازشوں کا شاخسانہ ہے۔