کراچی (جیوڈیسک) لاڑکانہ میں سینئر وکیل کے قتل کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وکلا نے ہڑتال کر دی، مقدمات کی سماعت نہ ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاڑکانہ میں سینئر وکیل نذر محمد کو نامعلوم افراد نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا،ان کے قتل کے خلاف کراچی میں وکلا نے ہڑتال کی جس کے باعث ججز ہنگامی اور فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت اپنے چیمبرز میں کر رہے ہیں۔
وکلا کے بائیکاٹ کے باعث سٹی کورٹس اور ماتحت عدالتوں میں سیکڑوں مقدمات کی سماعت التوا کا شکار ہو گئی۔ وکیل نذر محمد کے قتل کے خلاف لاڑکانہ میں سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بنچ، سیشن کورٹس اور ماتحت عدالتوں میں وکلا نے بائیکاٹ کیا جس کے باعث عدالتوں میں معمول کی کارروائی تعطل کا شکار رہی۔
کنڈیارو کے وکلا نے بھی عدالتی بائیکاٹ کیا۔وکلا کے عدالتی بائیکاٹ سے دور دراز کے آنے والے سائیلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔