مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دو ماہ میں حکومتی ترجیحات کا تعین کر لیا

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دو ماہ میں حکومتی ترجیحات کا تعین کر لیا، عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ اور انہیں حل کروانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے، ملک اس وقت شدید مشکلات اور مسائل سے دوچار ہے۔

میاں برادران اپنی ٹیم کے ہمراہ وطن عزیز کو بحرانوں سے نکال کر قائداعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ اور نوشہرہ روڈ پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی فتح نوشتہ دیوار ہے۔

مخالفین پراپیگنڈہ کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ حاجی نواز چوہان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے، بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں یا جماعتی، مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی۔