سینئر لیگی رہنما رانا افضل خان انتقال کر گئے

Rana Afzal Khan

Rana Afzal Khan

فیصل آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی عہدیدار سابق وزیر خزانہ رانا محمد افضل خان 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کو چند روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا۔ گیارہ روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔

دنیا نیوز کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ ہفتے کی شام پانچ بجے اقبال سٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔ رانا افضل خان 22فروری 1949ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم ڈھاکہ سے حاصل کی، وہ شروع سے ہی سماجی خدمات میں پیش پیش رہے، انہوں نے یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی جبکہ یونیورسٹی آف بلوچستان سے ایم اے پولیٹیکل سائنسز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

1971 سے 1976 تک پاکستان آرمی میں بطور کیپٹن خدمات سرانجام دیں۔ انکے والد میجر فضل محمد خان کی پاک فوج کیلئے مثالی خدمات ہیں۔ رانا محمد افضل خان نے 1980ء کی دہائی میں سرگودھا روڈ پر ساحل ہسپتال بنایا اور جدید سہولیات فراہم کی تاکہ شہریوں کو لاہور کا رخ نہ کرنا پڑے۔

وہ فیصل آباد چیمبر کامرس کے ایگزیکٹو ممبر اور واسا کے وائس چیئرمین بھی رہے۔ رانا افضل خان نے 1995ء کے بعد سیاست میں قدم رکھا ۔1997ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے پہلی بار سیاست میں حصہ لیا۔

سیاست میں حصہ لیتے ہی پی پی 55 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ ریاض احمد کو شکست دے کر پہلی بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، 2002ء کے انتخابات میں پی پی 66 ریاض شاہد مرحوم سے رانا افضل خان ہار گئے اور 2008ء میں دوبارہ ریاض شاہد کو ہرا کر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

سال 2013ء کے عام انتخابات میں این اے 82 سے ایم این اے منتخب ہوئے اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماکے طور پر ٹیلی ویژن مذاکروں کے ساتھ ساتھ حکومتی سطحی پر اہم کردار ادا کرتے رہے ۔ شاہد خاقان عباسی دور حکومت میں دسمبر 2017سے لیکر مئی 2018ء تک وزیر خزانہ کے عہدہ پر فائز رہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا بزرگ مسلم لیگی رہنما رانا افضل نے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ رانا افضل پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے وہ نواز شریف کے قریبی اور بااعتماد ساتھی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی اور اسکے نظریہ کے ساتھ وابستگی اور وفاداری کو بھرپور انداز سے نبھایا، ساری زندگی جمہوریت، آئین، عوامی حقوق، عوامی خدمت کے لیے جدوجہد میں مصروف رہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ جمہوریت، عوام اور پارٹی کے لیے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا وہ پر نہیں ہو سکے گا، اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔