فیصل آباد کی خبریں 3/3/2014
Posted on March 4, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری اورآرام دہ سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، حاجی محمدنواز چوہان
فیصل آباد (ایچ ایس این) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ پنجاب حاجی محمدنواز چوہان نے کہا ہے کہ عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری اورآرام دہ سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں شہریوں کو دوران سفر درپیش مشکلات کے ازالہ کے لئے متعدد اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے دوران جنرل بس سٹینڈ میں ٹرانسپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری آر ٹی اے طارق محمود چوہدری، ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ رانا حبیب اللہ، ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورزبھی اس موقع پر موجود تھے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ مسافروں کو محفوظ سفرکی فراہمی کے لئے متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے سے گریز کریں جبکہ ہر گاڑی میں کرایہ نامہ آویزاں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس پیشہ سے منسلک افراد کو شہریوں کی خدمت کے لئے ساز گارماحول فراہم کیا جائے گا اور انہیں درپیش مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میںمختلف سٹینڈز کا معائنہ کرتے ہوئے سفری سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔انہوں نے موٹروہیکل ایگزامنرز کو تاکید کی کہ وہ دوران ڈیوٹی وردی میں نظر آنے چاہیں اور کسی گاڑی کو چیک کئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مختلف شہروں کو روزانہ ہونے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کو بھی باقاعدگی سے چیک کرنے کی ہدایت کی۔پارلیمانی سیکرٹری نے مسافرگاڑیوں میں اوورلوڈنگ اوراوورچارجنگ کے خلاف مہم جاری رکھنے اوردئیے گئے اہداف کے مطابق ریکوری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے سے کہا کہ وہ مخیر حضرات کے تعاون سے شہر میں خواتین کے لئے معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے الگ ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کریں ۔اس سلسلے میں انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت اندرون شہر مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور اس کادائرہ تحصیلوں تک بڑھانے کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے چنگ چی رکشائوں سے فوری ٹیپ رکارڈر اترانے کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ نے سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ٹرمینل کے بعض حصوں کا معائنہ کیا اورمسافروں میں انسداد ڈینگی سے بچائو بارے آگہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔انہوں نے سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پراطمینان کا اظہار کیا۔انسپکٹر ٹرمینل محمدصادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔
——————————–
—————————–
صوفیاء کرام نے ہمیشہ باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیااور لوگوں کے دلوں میں آخرت کا خوف پیدا کیا،ڈاکٹرمحمد اسحاق قریشی
صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی منزل آشنا کرسکتی ہیں تصوف شریعتِ اسلامی کی پاسداری اور روحانی اقدار کا نام ہے،سید ریاض حسین شاہ
فیصل آباد (ایچ ایس این)فکری وقلبی انتشار پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے آج کے افلاس زدہ اور مادہ پرست معاشرے کو صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی منزل آشنا کرسکتی ہیں تصوف شریعتِ اسلامی کی پاسداری اور روحانی اقدار کا احیاء کرتے ہوئے اپنا رابطہ تاجدارِ مدینہ سے استوار کرنے کانام ہے اور موجودہ پر فتن دور میں انتہا پسندی ،دہشت گردی، تعصب اور تشدد پرمبنی سازشوں کا مقابلہ اولیاء کرام کے دامن سے وابستہ ہونے ہی میں ہے ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت کے مرکزی امیرسید ریاض حسین شاہ نے مرکز تحقیق کے دوروزہ تصوف سیمینار کی اختتامی نششت سے خطاب کرتے ہوئے کہا، تصوف سیمینار کی اختتامی نششت کی صدارت خواجہ قطب الدین فریدی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی میاں محمد طیب تھے تصوف سیمینارمیں پاکستان ،انڈیا، ترکی اور انگلینڈ کے سکالرز اور محقق حضرات نے اپنے مقالہ جات پیش کئے ۔تصوف سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکز تحقیق کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی نے کہا کہ صوفیاء کامشن خالصتاً محبت ،رواداری، حلم،برداشت اور خدمت کے جذبات پر مشتمل ہے برصغیر میں اسلام کے گلشن رحمت کی آبیاری صوفیائے کرام نے انہی جذباتِ صالحہ سے کی۔مسلم یونیورسٹی علی گڑھ انڈیا کے شعبہ اسلامیات کے ڈائریکٹر پروفیسر یٰسین مظہر صدیقی نے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات کا اہم پیغام یہی ہے کہ تمام مسالک اورمذاہب کا احترام کیاجائے جوشریعت کا راستہ دکھائے وہی معتبر ہے اولیاء کرام نے تمام مسالک کو متحد کرتے رہے اور بادشاہوں کے نذرانے بھی وصول نہیں کرتے تھے۔ ترکی کے ممتاز سکالر معراونور نے سیمینار سے خطاب کرتے کہا کہ تصوف کے تمام سلاسل اورجمیع صوفیاء کرام نے باہمی محبت اور انسانی مساوات کا درس دیاہے آج اُمتِ مسلمہ افتراق ،انتشار اور فرقہ بندی کے دائروں میں محدود اسی لئے ہوگی ہے کہ اس نے صوفیاء اکرام کی تعلیمات سے روگردانی کرتے ہوئے تشدد اور انتہا پسندی کی ڈگر کو اپنالیاہے سیمینار میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ پنجابی کے صدر ڈاکٹر عصمت اللہ ،پروفیسر محمد اقبال مجددی، ڈاکٹر حافظ سعد اللہ، پروفیسر بشیر احمد رضوی،ڈاکٹر ثناء اللہ الازہری ،پروفیسر محمد جعفر سیالوی ،ڈاکٹر محمد اکرم ورک نے اپنے مقالات پیش کئے۔سیمینار کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزِ تحقیق ڈاکٹرمحمد اسحاق قریشی نے کہا کہ صوفیاء کرام نے ہمیشہ باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیااور لوگوں کے دلوں میں آخرت کا خوف پیدا کیاہے۔
——————————–
—————————–
عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن)کا مشن ہے، رانا ثناء اللہ
فیصل آباد (ایچ ایس این) صوبائی وزیر بلدیات، کمیونٹی ڈویلپمنٹ قانون وپارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن)کا مشن ہے جس کے تحت گزشتہ دور میں شروع کئے گئے ترقی کے سفر کو نئے جذبے اور ولوے سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔انہوں نے یہ بات یونین کونسل 258اور259میں منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔طارق منج،ملک صابر،ڈاکٹر عبدالرشید،عبدالستار،مرزا محمود،انور جوگی،ملک انور کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک وقوم کو درپیش مسائل ،چیلنجز اور بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے پر عزم ہے اورجلد ہی وطن عزیز پر منڈلانے والے اندھیرے اورمایوسی کے سائے دور ہونگے اور ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل259میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں کارکن کمیٹیاں بنا کر تعمیراتی مراحل کی نگرانی کریں اورناقص میٹریل استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اوچا مربع محمود ٹائون،کرسچین بلاک میں آئندہ ایک ماہ کے اندر1 5لاکھ روپے سے سیوریج،گلیوں اور سڑکوں کے منصوبے مکمل کرائے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقہ پی پی 70کی تعمیر وترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔اس موقع پر دیگر مقررین نے علاقہ میں ترقیاتی کام شروع کرانے پر صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں کا شکریہ ادا کیا۔
——————————–
—————————–
دہشت گردی کے فیصلے بزدلی سے نہیں بلکہ بہادری سے کئے جاتے ہیں ۔ حکمران بہادری اور جواں مردی سے حکومتی رٹ قائم کریں ، امجد وڑائچ
فیصل آباد (ایچ ایس این)چیئرمین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجد علی وڑائچ نے کہا ہے کہ دہشت ،مہنگائی ، بے روز گاری ، لاقانونیت ، لوڈشیڈنگ حکمرانوں کے تحفے ہیں ۔ حکومت دہشت گردی سمیت تمام مسائل کے خاتمے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ دہشت گردی کے فیصلے بزدلی سے نہیں بلکہ بہادری سے کئے جاتے ہیں ۔ حکمران بہادری اور جواں مردی سے حکومتی رٹ قائم کریں تو دہشت گردی کا خاتمہ دنوں میں ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے اسلام آباد ضلع کچہری میں ہونے والی دہشت گردی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ مذاکرات کرنے والوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ چل رہا ہے تو دوسری طرف پے در پے دہشت ہورہی ہے ۔ عوام لاشیں اٹھا کر تھک چکے ہیں ۔ اگر حکمرانوں نے جواں مردی اور بہادری کے فیصلے نہیں کرنے ہیں تو اسلام آباد کو خیر باد کہہ کر رائے ونڈ مستقل قیام کر لیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے بجلی ، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی صنعت اورزراعت کو تباہ کر ہو چکی ہے ۔ قومی اداروں کی نج کاری پر آئی ایم ایف کے دبائو کا مقصد بھی ملک کو کنگال کرنے کے مترادف ہے ۔ حکمران کاروبار حکومت قرضوں اور نوٹ چھاپ کر چلا رہے ہیں ۔ جب تک آئی ایم ایف کا پٹہ گردنوں سے اتار کر پھینک نہیں دیا جاتا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ ہر قسط کی منظوری کے ساتھ ہی کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ملک و قوم پر رحم کھائیں اور قرضوں سے ملک کو نجات دلائیں ۔پاکستان غریب نہیں بلکہ ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت نام نہاد حکومتوں نے پاکستان کو ایک مقروض ملک اور سودی نظام نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کر دیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے سینکڑوں فیکٹریاں اور کارخانے بند ہو چکے ہیں جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو کر حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں ۔ حکمرانوں نے اپنے منشور میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور قومی صنعت کو فروغ دینے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے ،لیکن اقتدار میں آ کر حکمران اپنے تما م وعدے اور دعوے بھول چکے ہیں
——————————–
—————————–
ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات نہیںجنگ ہوتی ہے، دہشت گروں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو یہ یزیدیت کا کھیل جاری رہے گا ،رہنما سنی تحریک
فیصل آباد (ایچ ایس این)سنی تحریک کے رہنمائوں نے اکرام الحق قادری ، حافظ احسان ، عرفان وارثی ، ملک یاسین ، ملک نعیم قادری ، شہزاد ، امانت علی ، دلبر حسین ، عدنان ڈون ، قاری اصغر و دیگر نے اسلام آباد ضلع کچہری میں دہشت گردی پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔مذاکرات کامیاب اور جنگ ختم کرنے کی باتیں کرنے والوں کی آنکھیں اندھی ہو چکی ہیں ۔ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات نہیں ہمیشہ سے جنگ ہوئی ہے اگر دہشت گروں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو یہ یزیدیت کا کھیل جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خودکش حملے اوربم دھماکے نڈرپاکستانیوں کوخوفزدہ اوران کاایمان وایقان کمزورنہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ طالبان کاقول وفعل تضادات اورفسادات کامجموعہ ہے،ان کے طرززندگی کا اسلامی تعلیمات سے دورکابھی واسطہ نہیں۔کوئی سچامسلمان کسی قیمت پراسلام کاتشخص مجروح نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرداپنے فتوے اپنے پاس رکھیں ۔سنی تحریک نوجوانوں کی بیداری کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی جان کی حرمت کو پامال کرنے والے آئین اور شریعت کے علمبردار نہیں ہوسکتے۔ طالبان کو حق پر کہنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں۔ طالبان جماعتیں پاکستان کی سلامتی سے کھیل رہی ہی۔ ہزاروں بے گناہوں کے قاتلوں کو معاف کرنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
——————————–
—————————–
بی اے کی طالبہ سیورایج کے کھلے مین ہول میں گر کر شدید زخمی، اہل علاقہ کا ،واسا ،کے خلاف شدید احتجاج
فیصل آباد(بیورورپورٹ)بی اے کی طالبہ سیورایج کے کھلے مین ہول میں گر کر زخمی ہوگئی۔ چک نمبر224وزیر والی کی رہائشی طالبہ راحیلہ صبح گھر سے کالج جارہی تھی کہ مین بازار میں سیورایج کے کھلے مین ہول میں گر گئی۔ اہل علاقہ نے اسے گٹر سے زخمی حالت میں نکالا۔ والدین نے موقع پر پہنچ کر اہل علاقہ کے ہمراہ واسا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکام سے واسا کی غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
——————————–
—————————–
ترقیاتی سکیموںمیںسست روی،اور ،افسران کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ،ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے وضاحت مانگ لی
فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے ڈویژن میں جاری بعض ترقیاتی سکیموں پرسست روی اوراجلاس میں افسران کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی اور وارننگ دی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں غیر ذمہ دارانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں مختلف ترقیاتی پروگرامز کی پیشرفت سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا۔ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ ڈاکٹر فرح مسعود،ڈاکٹرارشاد احمد،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمدآصف چوہدری،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شوکت علی،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت اللہ مشتاق کے علاوہ ڈویژن کے مختلف محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے مختلف سیکٹرز کے تحت ترقیاتی سکیموں کاجائزہ لیتے ہوئے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل میں عدم توجہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی اے سی آرمیں ان کی ناقص کارکردگی کا اندراج کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سکیموں کی مقررہ مدت میں عدم تکمیل کے سلسلے میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔ڈویژنل کمشنر نے اجلاس کے دوران ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کاجائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اورمختلف مدات میں سرکاری واجبات کی وصولی کے امور کابھی جائزہ لیا اورکہا کہ فیلڈ میں موجود افسران کی کارکردگی نظر آنی چاہیے۔انہوں نے پنجاب سیلز ٹیکس ایکٹ 2012ء کے تحت مختلف سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو سیلز ٹیکس کے نیٹ ورک میں لانے کے لئے ان کے نمائندوں سے میٹنگز کرکے رپورٹ پیش کرنے کی تاکید کی۔کمشنر نے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی بھی روزانہ چیکنگ کاحکم دیا۔انہوں نے کہا کہ صارفین سے اشیاء صرف کی زائد قیمت وصول کرکے کم وزن اشیاء فروخت کرنے والوں پرگہری نظر رکھیں اور ایسے عوام دشمن عناصر سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈی سی اوز کو بھٹہ مالکان اورمزدوروں سے میٹنگز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اجر اور آجیر کے مابین خوشگوار ماحول کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور کسی بھی مسئلہ کی نشاندہی پر افہام وتفہیم سے معاملات کو حل کیا جائے۔انہوں نے لائسنس کے بغیر اسلحہ رکھنے والے افراد کو نوٹسز بھجوانے،سرکاری دفاتراورنجی اداروں میں بجلی کی بچت کو یقینی بنانے،تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیات کی سوفیصد فراہمی،پانی چوری کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈویژنل کمشنر نے ڈویژن بھر میں آئندہ موسم میں ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کے لئے تمام تر وسائل کو یکجا کرنے کی جامع تیاریاں مکمل کرنے اور اس سلسلے میں تمام محکموں کو فوری متحرک ہونے کی ہدایت کی۔انہوں نے موسم بہار میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کرنے کے لئے لائحہ عمل وضع کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے دستیاب جگہوں پر پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر فرح مسعود کے والد کی وفات پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
——————————–
—————————–
پنجاب یوتھ فیسٹیول ،شاعری اور موسیقی کے مقابلے، اقرارمصطفی اور نازش بتول زیدی ، صوبہ بھر میں اول
فیصل آباد (ایچ ایس این)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت شاعری اور موسیقی کے مقابلہ میں باالترتیب اقرارمصطفی اور نازش بتول زیدی نے صوبہ بھر میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید نے بتایا کہ موسیقی کے مقابلہ میں صوبہ بھر میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی نازش بتول زیدی نے وائس آف فیصل آباد مقابلہ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح کے ڈرامہ مقابلہ جات میں فیصل آبادآرٹ کونسل کی پیشکش”گلوبل ویلج”7مارچ کو باغ جناح کے اوپن ائیر تھیٹر میں شامل 6بجے پیش کیا جائے گا۔
——————————–
—————————–