لاہور (جیوڈیسک) چیف سلیکٹر اصلاح الدین کے مطابق جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انھیں شارٹ لسٹ کرتے ہوئے جونیئر پول میں شامل کریں گے سابق اولمپئن نے بتایا کہ ایونٹ کے دوران بہت سارے باصلاحیت کھلاڑی نظر آئے لیکن ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹرائلز کے بعد منتخب کھلاڑیوں کو 2016 کے جونیئر ورلڈ کپ کیلیے ٹریننگ کیمپ میں شامل کیا جائیگا۔ اصلاح الدین نے کہا کہ سینئر ٹیم کی طرح جونیئرز کا بھی ایک بڑا پول بنانا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں بین الاقوامی ایونٹ کیلیے ہمارے پاس کھلاڑیوں کی بہت بڑی کھیپ موجود ہو، کسی بھی پلیئر کو سلیکٹ کرتے وقت ہماری پہلی ترجیح اس کی فزیکل فٹنس اور تکنیک ہوتی ہے جو اس پر پورا اترتا ہے اسے ہی منتخب کیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ قومی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک بہت سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہترین ہے لیکن یہ ابھی ملکی نمائندگی کے قابل نہیں ہیں، واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی قومی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے بعد جمعرات 22 مئی کو کراچی میں یوتھ اینڈ جونیئرٹیم کیلیے اوپن ٹرائلز منعقد کرے گی۔