ممبئی (جیوڈیسک) نئی فلم ’’ہیرو پنتی ‘‘ سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی بالی ووڈ کی نئی اداکارہ و ماڈل کریتی سینن اب ممبئی میں اپنا گھر بھی خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ نئی بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ساؤتھ فلموں سے انھوں نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور بھارتی فلم ’’ ہیرو پنتی‘‘ سے انھیں بالی ووڈ میں شہرت حاصل ہوئی تاہم وہ توازن برقرار رکھنے کے لیے ساؤتھ اور بالی ووڈ دونوں فلموں میں کام کریں گی لیکن وہ ایک وقت میں ایک ہی فلم سائن کریں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ فلم ’’ ہیرو پنتی ‘‘ کی کامیابی کے بعد وہ ممبئی میں اپنے لیے گھر خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں جس پر وہ جلد ہی عملدرآمد کریں گی۔
کریتی نے بتایا کہ فی الحال وہ دہلی میں کرائے کے گھر میں رہ رہی ہیں۔ 27 جولائی 1990ء کو نئی دہلی میں پیدا ہونے والی کریتی سینن کے والد راہول سینن ایک اکاؤنٹنٹ جنرل جب کہ والدہ گیتا سینن دہلی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ کریتی سینن خود بھی ٹیکنالوجی ان الیکٹرونکس اینڈ کمیونیکشن کی بیچلر ڈگری ہولڈر ہیں۔
کریتی سینن نے ایک کامیاب ماڈلنگ کیریئر کے بعد فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ اس نئی خوبرو اداکارہ نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تیلگو فلموں کے مشہور ڈائریکٹر سوکمار کی تیلگو سائیکولاجیکل تھرلر فلم ’’ون: نینوکا ڈائن‘‘ سے کیا اور پھر حال ہی میں کریتی سینن نے صابر خان کی کمرشل کامیاب ایکشن رومانس فلم ’’ہیرو پنتی‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرکے بالی ووڈ میں ایک کامیاب انٹری دیتے ہوئے اس بڑی فلم انڈسٹری میں اپنے قدم جما لیے ہیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کی نئی آنے والی فلم ’’سنگھ از بلنگ ‘‘ ہے جو آئندہ سال 2015ء میں 31 جولائی کو ریلیز کی جائے گی‘ اس فلم کے ڈائریکٹر پربھو دیو ہیں جب کہ ان کے مقابل ہیرو اکشے کمار ہونگے، کریتی نے بتایا کہ کنگ از بلنگ میں ہندی اور پنجابی دونوں زبانوں میں ڈائیلاگ ادا کیے گئے ہیں جو فلم بینوں کو پسند آئیں گے۔