حساس مقامات کی حفاظت کیلئے علحیدہ فورس بنائی جائے کمشنر کراچی

Shoaib Ahmed Siddiqui

Shoaib Ahmed Siddiqui

کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں حسا س تنصیبات اور مقامات کی حفاظت کے لیے ائرپورٹ سیکیورٹی فورس کی طرز پر ’’ وائٹل انسٹالیشن سیکیورٹی فورس ‘‘ قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، موجودہ حالات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حساس مقامات اور تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، اندرونی سیکیورٹی کا ذمے دار متعلقہ ادارہ اور بیرونی سیکیورٹی کی ذمے داری حکومت کی ہے۔

یہ بات انہوں نے حساس تنصیبات کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد، پورٹ قاسم اتھارٹی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی، ایس پی ملیر، پی ایس او، فاٹکو، سول ایوی ایشن، بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین نوید شکور، پارکو، او سی اے سی ، پیپکو، باکری (بی ٹی سی ایل) پاکستان اسٹیل، او او ٹی سی ایل کے سیکیورٹی سربراہان نے شرکت کی۔ کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ ضلع ملیر میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل، پاکستان اسٹیل، بن قاسم، پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ پریس،پورٹ قاسم اتھارٹی، ایبزا، پی آئی اے، سول ایوی ایشن اتھارٹی وغیرہ جیسے دیگر حساس مقامات، ادارے اور تنصیبات واقع ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں شریک متعلقہ اداروں کے سیکیورٹی سربراہان کو کہا کہ اداروں کی اندرونی سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامات مکمل رکھے جائیں جن میں واچ ٹاور ز اور مضبوط باؤنڈری وال کے قیام سمیت پیٹرولنگ اور روشنی کے انتظامات شامل ہوں، علاوہ ازیں حساس تنصیبات کی دیواروں کے ساتھ قائم ہر قسم کی تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے، تجاوزات کے خاتمے میں کسی بھی قسم کی مدد، رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیا جائے جوکہ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ حساس مقامات اور تنصیبات کے اندر اور باہر اسلحے کی نمائش کی حوصلہ شکنی کی جائے، ملک کی سیفٹی اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سول ایوی ایشن کے چیف سیکیورٹی آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ ائرپورٹ سے ملحقہ تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے ، 5 داخلی راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے، ائرپورٹ کے ’’ فنل ‘‘ایریا کی اسکریننگ کے لیے آئی جی سندھ کو خط لکھا جائے۔

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ حساس مقامات اور تنصیبات کی سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور رینجرز کو مزید فعال کیا جائے اور گشت میں اضافے کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے پاس نئی آبادی اور مکانات کی تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے گرد قائم ہر قسم کی تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔