کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ کراچی کے تینوں زون کوعلاقے میں گشت کے لیے 20 ، 20 محافظ فورس کی مو با ئلیں دی جارہی ہیں۔
سینئر پولیس افسران اپنے اسکارٹس کو متعلقہ تھانوں کے ساتھ ملکر گشت کا پابند بنائیں، سیکیورٹی کے فرائض پر مامور پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے علاوہ بلٹ پروف جیکٹس دی جائیں تا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے علاوہ اہلکار اپنی حفاظت کو مزید بہتر بنا سکیں۔
اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس میں امن امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر کے حالات کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضلع ایس ایس پیز علاقہ گشت کو موثر بنانے کیساتھ ساتھ ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے زونل ریسپانس فورس کو بھی تیار رکھیں۔
اس ضمن میں متعلقہ زون سے مسلسل روابط کے علاوہ ایس ایچ اوز کی بھی علاقوں میں موجودگی اورنگرانی میں اسنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور تمام اہم حساس تنصیبات، سرکاری املاک ، پبلک مقامات سمیت اہم سیاسی مذہبی ، سماجی شخصیات، سفارت خانوں سے منسلک غیر ملکی افراد کی سیکیورٹی کو کنٹی جنسی پلان کے مطابق غیر معمولی بنایاجائے۔