اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے 22 اگست کے ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا،حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 10 سے 20 اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 16 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں کے 7 ہزاور 606 پولنگ اسٹیشنز میں سے 1 ہزار 840 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ان پولنگ اسٹیشنز پر 10 سے 20 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر بھی فوجی تعینات ہوں گے۔ 2 ہزار 686 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے ہیں جن کے باہر 7 سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ فوجی بھی تعینات ہوں گے، 3 ہزار 80 نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 5 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
لیکن فوجی اہلکار نہیں ہوں گے۔ضمنی انتخاب کے دوران پریزائیڈنگ افسران کو تین دن کے لیے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں جبکہ حلقے میں تعینات آرمی، ایف سی اور رینجرز کے افسران کو بھی پولنگ کے دن مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے جو دھاندلی کی کوشش کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے کسی بھی شخص کو موقع پر سزا سنا سکیں گے۔