ستمبر میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کے لیے کوششیں شروع

Pakistan India

Pakistan India

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کروانے کیلیے سفارتی سطح پر کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ’’خفیہ سفارت کاری‘‘ کے ساتھ ساتھ باضابطہ طور پر بھی سفارتی چینلز بروئے کارلائے جارہے ہیں اور اگلے ماہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ کی ملاقات پراتفاق ہوچکاہے، اب شیڈول اور مقام کے تعین پربات ہورہی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 69 واں اجلاس 16سے 29 ستمبر 2014ء تک نیویارک میں جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں دیگر سربراہان مملکت کیساتھ ساتھ پاک بھارت وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس موقع پرپاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کے کافی امکانات ہیں۔ ملاقات کامقصد پاک بھارت مذاکرات میںتعطل اور ڈیڈ لاک دور کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت چاہتی ہے کہ زیادہ توجہ تجارتی امور اور عوامی سطح پر روابط پر مرکوز کی جائے جبکہ پاکستانی حکام چاہتے ہیں کہ کشمیر، سیاچن اور سرکریک کے ایشوز پربھی بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات اور اس کے ایجنڈے پر اتفاق رائے کیلیے سفارتی سطح پر کوششیںکی جارہی ہیں۔اس حوالے سے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ انھیں اس اعلیٰ سطح کی ملاقات سے کسی خاص نتیجے یا بریک تھرو کی توقع نہیں۔ دونوں وزرائے اعظم کو مذہبی حلقوں سمیت مختلف طبقات کی طرف سے دبائو کا سامنا ہے۔