ستمبر کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 234.3 ارب روپے مقرر

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اگست میں ہدف سے زائد وصولیاں ہونے پر ماہ ستمبرکے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف بڑھا کر 234.3 ارب روپے مقرر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعدگزشتہ ماہ ٹیکس وصولیاں 180.2 کے مقررہ ہدف کے بجائے 183 ارب رہنے کے باعث ایف بی آرنے رواں ماہ کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 234.3 ارب مقرر کیا۔

رواں ماہ کے لیے مقررکردہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے حصول کیلیے انکم ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 105.5 ارب مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس وصولیوں کاہدف 96.3 ارب، فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں وصولیوں کا ہدف 10.6 ارب جبکہ کسٹمزڈیوٹی کی مدمیں وصولیوں کا ہدف 22 ارب مقرر کیا گیا ہے۔