لندن (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ پہنچنے سے قبل ہی گرین شرٹس انگلش کپتان ایلسٹر کک کے اعصاب پر سوار ہو گئے ، کک کا کہنا ہے کہ مصباح الیون کی باؤلنگ مضبوط ہے ، سیریز میں گرین شرٹس کے ساتھ کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔
انگلش کپتان ایلسٹر کک ٹیسٹ سیریز تو سری لنکا سے جیتے، تاہم انہیں پاکستان ٹیم کیخلاف سیریز کی فکر ابھی سے ستا رہی ہے ۔ کک کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی فاسٹ باؤلنگ بہت مضبوط ہے اور سپن گیند بازی میں یاسر شاہ کسی سے کم نہیں۔
ایلسٹر کک کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اچھی باؤلنگ رکھنے کے باوجود آسٹریلیا جیسی ٹیم کو بھی ہرا چکے ۔ اسی لئے انگلش ٹیسٹ کپتان پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم پاکستان کو بھی ہرا سکتی ہے ۔ ان کے خیال سے گرین شرٹس کیخلاف ٹیسٹ سیریز شاندار رہے گی۔
پاکستان ٹیم 18 جون کو انگلینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں 14 جولائی کو دونوں ٹیموں کا پہلے ٹیسٹ میں لارڈز کے میدان پر معرکہ سجے گا۔