ہرارے (جیوڈیسک) تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تاہم جواباً آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 149 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے 73 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو حارث سہیل کی شکل میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کوئی رنز نہ بنا سکے۔
فخر زمان اور حسین طلعت نے پریشر نہ لیتے ہوئے زبردست بیٹنگ کی، نوجوان حسین طلعت 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے فخر زمان نے دھواں دھار بلے بازے کرتے ہوئے کیریئر کی تیسری ففٹی مکمل کی، انہوں نے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد 73 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز احمد 14 رنز ہی بنا سکے، تجربہ کار شیعب ملک نے 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ نوجوان آصف علی 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 194 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
امشکل ہدف کے تعاقب میں ٓسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی۔ سیریز کے تمام میچز میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے کینگروز کپتان ایرون فنچ اس میچ میں اپنا جادو نہ چلا سکے اور صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ الیکس کیری 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ آرکی شارٹ 28، گلین میکسویل 10، ٹریوس ہیڈ 7، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں زبردست کارکردگی پیش کرنے پر اوپننگ بلے باز فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔