دبئی (جیوڈیسک) تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 33 رنز سے شکست دے کر نا صرف تین۔صفر سے وائٹ واش کر دیا بلکہ مسلسل دسویں سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ آسٹریلوی ٹیم اس دورے میں پاکستان کے خلاف ایک بھی میچ میں جیت حاصل نہ کرسکی۔
شاداب خان کو مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 151 رنز کا ہدف دیا لیکن آسٹریلوی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اپنے بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز بابراعظم اور صاحبزادہ فرحان اس امتحان میں پورے اُترے اور 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
صاحبزادہ فرحان تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر لائن کا شکار ہوکر بابراعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ابھی اسکور میں صرف چار رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ بابر اعظم بھی 50 رنز بناکر ٹائے کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
اوپنرز کے اچھے آغاز کے باجود پاکستان ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے سے رنز بنانے کی رفتار بھی سست روی کا شکار ہوگئی۔
شعیب ملک 18، آصف علی 4 اور فہیم اشرف بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ پر محمد حفیظ نے ذمہ داری کے ساتھ برق رفتار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست 32 رنز بنائے۔عماد وسیم نے تین رنز بنائے یوں پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 7 اعشاریہ 5 کی اوسط سے 150 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے دو، جبکہ لیون، ٹائی اور زامپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹسمینوں نے برق رفتار آغاز فراہم کیا اور عماد وسیم کے پہلے ہی اوور میں 20 رنز لئے لیکن اگلے ہی اوور میں فہیم اشرف نے کپتان فنچ کو محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے حساب برابر کر دیا۔
پہلے اوور میں 20 رنز لے کر خطرہ نظر آنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین ایلکس کیرے کو محمد حفیظ نے کیچ آؤٹ کرا کے آسٹریلوی ٹیم کو مشکلات سے دو چار کر دیا۔
نئے بیٹسمین لائن اور میکڈرموٹ نے اسکور 60 تک پہنچایا لیکن لائن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ میکڈرموٹ نے بھی 21 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ جارح مزاج بیٹسمین گلین میکسویل صرف چار رنز بنا سکے۔
عثمان خان نے شارٹ کو 10رنز پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جس کے نتیجے میں شعیب ملک 45 کیچز کے ساتھ ٹی 20 میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل ڈی ولیئرز اور راس ٹیلر نے 44،44 کیچ لے رکھے تھے۔
پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سبب 75 رنز پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی جبکہ باقی پانچ کھلاڑی بھی اسکور میں صرف 42 رنز جوڑ سکے اور آسٹریلیا کی اننگز 19 اعشاریہ ایک اوور میں 117 رنز پر سمٹ گئی۔
شاداب خان نے تین، حسن علی نے دو جبکہ فہیم اشرف، محمد حفیظ اور عثمان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سرفراز کی کپتانی میں کل کھیلے گئے 30 میچوں میں 26 ویں فتح سمیٹی۔