لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کے اہم اجلاس میں سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کے کیسز کے حوالےسے ججز کی رپورٹ پیش کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں پنجاب بھر کی تمام انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں سے متعلق اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے 14ججز کے علاوہ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری، سی سی پی او ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، صوبے بھر کے آر پی اوز ، پراسکیوٹر جنرل پنجاب احتشام قادر شریک ہیں۔
اجلاس میں ججز نے اہم سنگین نوعیت کے مقدمات کے فیصلوں سے متعلق رپورٹ پیش کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 ماہ میں ریسکیو 15 ، احمدیوں کی عبادت گاہوں پرحملہ سمیت دیگر کیسز کا فیصلہ سنایا گیا۔