لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے، کہتے ہیں اعتراض کرنے والے آئین کے آرٹیکل 149 کے سب آرٹیکل چار کا مطالعہ کریں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے کراچی میں بعض علاقوں کی سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔
جس پر جمہوریت کے بعض نام نہاد چیمپئن اور قانونی ماہرین اعتراض کر رہے ہیں۔ یہ لوگ آئین کے آرٹیکل 149 کے سب آرٹیکل 4 کا مطالعہ کریں اور سپریم کورٹ کے 1994 کے شہلا ضیا کیس میں آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کے تحت دئیے گئے فیصلے کا بھی جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے سب آرٹیکل ایک سے قانون کے سب ہی طالبعلم بخوبی واقف ہیں۔
اس سے پہلے الطاف حسین اپنے ایک بیان میں کراچی میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام اور تاجروں کو لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں اور بھتے کی پرچیاں دینے والوں سے نجات دلانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ لوگوں کی جان و مال اور تاجر برداری کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کراچی کا انتظام فوج کے حوالے کیا جائے۔