پشاور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور نے این اے ون کی نشست تحریک انصاف سے چھین لی۔ غلام احمدبلورپانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ این اے ون کے ضمنی انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی تین ماہ کے وقفے کے بعدپانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ اے این پی کے رہنما میاں افتخارحسین سمیت کارکن بھی بڑی تعداد میں غلام احمد بلور کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ غلام احمد بلور اپنی کامیابی پرخوشی سے آبدیدہ ہوگئے۔
اے این پی کے کارکنوں نے غلام بلور کی فتح کا بھرپور جشن منایا۔ کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور پر جوش نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زبردست ہوائی فائرنگ کی گئی۔ غلام احمد بلور کی رہائش گاہ پر مبارکباد کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اے این پی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ غلام احمد بلور نے تحریک انصاف سے این اے ون کی نشست چھین لی ہے۔