جھنگ : خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت ضلع جھنگ میں 58 کروڑ روپے کی لاگت سے رواں مالی سال کے دوران مختلف دیہی علاقوں میں پانچ سڑکوں کی کارپٹ تعمیر اورتوسیع کی جائے گی جس کی بدولت نہ صرف لوگوں کو آمدورفت کی تیز رفتارسہولیات میسر ہونگی بلکہ انہیں کھیت سے منڈیوں تک اپنی اجناس بروقت پہنچا نے میں آسان رسائی حاصل ہوگی۔
یہ بات ارکان صوبائی اسمبلی مہر خالد محمود سرگانہ ،نواب خرم خان سیال نے13کروڑ34لاکھ10ہزار روپے کی لاگت سے تعمیرکی جانے والی18 کلو میٹر لمبی سڑک جھنگ بائی پاس کوچک بخاری کوٹ وڈارورل ہیلتھ سنٹر باغ ،بیسک ہیلتھ یونٹ لک بدھڑ تا لنکنگ روڈ ملہوانہ مدوکی روڈکا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ای ڈی او فنانس مہر طارق لک،ایکسین پرونشیل ہائی وے شیخ اعجاز کے علاوہ محکمہ شاہرات کے افسران ،سیاسی و سماجی شخصیات و معززین علاقہ کثیر تعدا میں موجود تھے۔مہر خالد محمود سرگانہ نے کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام کے تحت پہلے مرحلہ میں رواں مالی سال کے دوران صوبہ بھر میں15ارب روپے کی لاگت سے دو ہزار کلو میٹر سے زائد دیہی سڑکوں کی بحالی اور تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں آج صوبہ بھر میں افتتاحی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔نواب خرم خان سیال نے کہا کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادیوں کو بھی زرائع آمدو رفت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کا مثالی اقدام ہے انہوںنے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت فیز ون میں ضلع کی پانچ مختلف رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل کیا جائیگا۔
نئی تعمیرکی جانے والی سڑکیںدس تابارہ فٹ کشادہ کرنے کے ساتھ ساتھ مضبوطی کیلئے مزید پتھر ڈال کردو انچ اونچی کارپٹ کرنے کے علاوہ باقاعدہ لین مارکنگ،کیٹ آئی اور مناسب ٹریفک بورڈ کا بندوبست کرکے ان سڑکوں کو عالمی میعار کے مطابق کھیتوں سے منڈی تک زمینداروں ، کاشتکاروں اور کسانوں کو سہولت میسر ہوگی۔
قبل ازیں ایکسین نیشنل ہائی وے نے مذکورہ پروگرام کے بارے بریفنگ دی۔بعد ازاں معزز مہمانوں نے مشترکہ طورپر فیتہ کاٹ کر روڈ کی تعمیر کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا۔