کراچی (اسٹاف رپورٹر) حقوق انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے سرپرست قاضی محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت ہی امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی ترجیح ہوتی ہے، دوسرے کے کام آنے کا جذبہ ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے جس کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حقوق انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے لیاقت آباد 10نمبر پر مفت عوامی دستر خواں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جہاں ضرورت محسوس ہوئی یہ روٹی، کپڑا اور مکان جیسی اہم ترین ضروریات پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ قاضی محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر 300 افراد کو ایک وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ ہمارا مقصد و مشن بلا امتیاز انسانیت کی خدمت اور اس کے لیے سب سے اہم ترین ضرورت کھانا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ فلاح و بہبود کی ایسی سرگرمیوں میں عام حالات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔