ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے ’رئیس‘ شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ کوئی کام چھوٹا نہیں، وہ محنت کرتے ہیں، اپنے سیٹ پر صفائی خود کرتے ہیں، جھاڑو بھی دیتے ہیں اور پونچھا بھی لگاتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ناکامی سے نہیں گھبراتا، فیل ہونے سے ڈر نہیں لگتا، البتہ برا ضرور محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا شخص جو ان کی پوزیشن پر نہیں ہے، اس کے لیے ناکامی شاید کیرئیر کا اختتام ہوسکتا ہے، لیکن ان کے لیے نہیں، البتہ ناکامی پر برا ضرور محسوس ہوتا ہے، اس لیے نہیں کہ میری فلم ناکام ہوگئی، بلکہ اس لیے کہ اس فلم سے کئی لوگ جڑے ہوئے تھے، جنہیں مجھ سے امیدیں تھیں،ان سب کو ناامید کرنا بہت مشکل لگتا ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ناکامی اور کامیابی وقتی ہے، جب آپ نے کسی فیلڈ کو اتنا وقت دیا ہے جتنا میں نے ، تو آپ ناکامی کے احساس کے بغیر بہت کچھ کھونے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
ادھر بالی ووڈ فلم ’رئیس‘ کا ایک اور ٹریلر آگیا، جس کا ڈائیلاگ ہے کہ ’’قانون کو بتادیا کہ دن اور رات لوگوں کے ہوتے ہیں، شیروں کا زمانہ ہوتا ہے‘‘۔
فلم میں ماہرہ خان پہلی بار بالی ووڈ کے کنگ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ نواز الدین صدیقی بھی مرکزی کردار میں شامل ہیں۔
راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی عبد اللطیف نامی ڈان کے زندگی پر بنائی گئی ہے جس کی کاسٹ میں محمد ذیشان ایوب، روپندر نگرا، آریا بابر، گووندنمدیو اور انیل منگے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’رئیس‘ رواں سال25جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔