لاہور (جیوڈیسک) عدالتی معاملات حل ہونے تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈیز روانگی موخر کر دی ہے، سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی التوا کا شکار ہو گیا ہے۔ قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کو گزشتہ ہفتے گورننگ بورڈ نے ویسٹ انڈیز جانے کی اجازت دی تھی تاکہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی اور دوسرے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے سکیں۔
لیکن سندھ ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملات کی وجہ سے نجم سیٹھی فوری طور پر ویسٹ انڈیز روانہ نہیں ہو رہے۔ ذرائع کے مطابق عدالتی معاملات کا کوئی نتیجہ سامنے آنے کے بعد اگر سیریز کے دوران وقت ہوا تو نجم سیٹھی ویسٹ انڈیز جائیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ نہ آنے کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی التوا کا شکار ہے، پی سی بی پر امید ہے کہ اس ہفتے چیف سلیکٹر کا اعلان کر دیا جا ئے گا تاکہ انڈر 23 اسکواڈ کا اعلان کیا جا سکے۔