قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی کیخلا ف حکم امتناع کالعدم

SECP

SECP

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سپریم کورٹ نے قائم مقام چیئرمین سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن کی تقرری کیخلاف سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع کالعدم قرار دیتے ہوئے طاہر محمود کو عہدے پر بحال کر دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے 31 مئی کو سیکیورٹی اینڈایکس چینج کمیشن کے سابق ملازم رانا مصطفی یوسف کی درخواست پر قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی طاہر محمود کی تقرری کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے انہیں کام کرنے سے روک دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے خلاف طاہر محمود نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی جس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالت عظمی نے سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے قائم مقام چیئرمین کی تقرری کا نوٹی فی کیشن بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔