کراچی : بلدیہ کورنگی عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے مصروف عمل ،واٹر اینڈ سیوریج کا محکمہ بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام نہ ہونے کے باجود چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عوام کو سیوریج مسائل سے نجات دلا نے کا بیڑا اُٹھا لیا۔
لانڈھی اور کورنگی زونز میں بلدیہ کورنگی نے سیوریج کی ناکارہ اور بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی اور نئی سیوریج لائنوںکی تنصیب کا آغاز کردیا ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اپنی اختیارات کی پرواہ کئے بغیر سہولتیں پہنچا ئیں گے انہوں نے کہاکہ سیوریج کا ناقص نظام علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا محکمہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی میں ناکام ہوچکا ہے ،سیوریج کا گندہ پانی شاہراہوں اور گلیوں کی تباہی کا باعث بن رہا ہے ہم اپنی عوام کو مسائل میں نہیں دیکھ سکتے۔
یہی وجہ ہے کہ بلدیہ کورنگی اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع کورنگی میں علاقائی سطح پر ناکارہ اور بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور نئی لائنوں کی تنصیب کا بلدیہ کورنگی نے آغاز کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین او رکونسلرز کے ہمراہ لانڈھی زون کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر جاری بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کے ساتھ لانڈھی زون میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں فراہمی و نکاسی آپ کے نظام کی بہتری کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں۔
عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کے ناقص نظام کے حوالے سے حائل دشواریوں سے نجات حاصل ہوسکے بعدازاں چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے نمائندوں کے ہمراہ لانڈھی زون کے مختلف علاقوں میں جاری تعمیر و ترقی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کو عوامی خدمات کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں۔