کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایس تھری پروجیکٹ سیوریج کے میگا پروجیکٹکے تحت شاہ فیصل کالونی میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیوریج لائنوں کی تنصیب کے حوالے سے جاری کاموں کو ہنگامی پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں ایس تھری منصوبے کے تحت سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں سیوریج کے بڑھتے ہوئے مسائل نے عوامی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ایس تھری منصوبہ شہر کراچی کے عوام کے لئے وقت کی ضرورت ہے اس منصوبے کو کئی برس پہلے تکمیل ہوجانا تھا مگر منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے آج شہر کی سڑکیں اور گلیاں سیوریج کے پانی سے بھر چکیں ہیں جس کی وجہ سے شہر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔
سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں کامعائنہ کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر لائنوں کی تنصیب کے کاموں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولیات پہنچائی جاسکے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ سیوریج کے میگا منصوبے کی تکمیل کے بعد ضلع کورنگی کی حدود میں سیوریج سسٹم کو بہتر بنا کر عوام کو نکاسی آب کا مثالی نظام فراہم کیا جائیگا۔