اُم المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ”رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک رات بقیع قبرستان میں تھے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: بیشک اللہ تعالیٰ (یعنی اس کی خصوصی رحمتیں) شعبان کی پندرہویں رات (شب برأت) کو آسمان دنیا (نیچے والے آسمان) پر نازل ہوتی ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ ”بنوکلب قبیلہ” کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ تعداد میں لوگوں کی بخشش فرما دیتے ہیں لیکن شب برات کچھ بد نصیبوں کی توبہ کے بغیر مغفرت نہیں ہوتی۔ ”مسند البزار” میں سیدناابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے اور ”سنن ابن ماجہ” میں حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ‘اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرہویں رات تجلی فرماتا ہے اور تمام مخلوقات کو بخش دیتا ہے، ما سوائے مشرک اور مشاحن کے (مشاحن سے مراد کینہ رکھنے والا، اسلام میں نیا فرقہ بنانے والا، چغل خور ہے)۔ دیگر روایات میں کافر و مشرک و مشاحن کے علاوہ والدین کانافرمان، شرابی، سود خور، تکبر سے تہبندٹخنوں سے نیچے لٹکانے والا، رشتہ داروں سے بد سلوکی کرنے والا، قاتل، زانی، نجومی، عشار (جو محکمہ ٹیکس میں ہو اور لوگوں پر ظلم کرتا ہو )، میوزک ، سارنگی ، طبلہ اور ڈھول بجانے والا( یعنی گانے بجانے والا)، ہمسائے کے ساتھ بدسلوکی کرنے والا، جادوگر، اور شرطہ (یعنی رشوت خور وظالم سپاہی) کا بھی ذکر آیا ہے۔ اور فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے کہ ان بخشش سے محروم لوگوں پر اللہ شعبان کی پندرہویں رات کو نظر بھی نہیں فرماتا (جب تک کہ سچی توبہ نہ کریں۔
15شعبان کا نام شب برأت کیوں ہے؟ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمة اللہ علیہ نے ”غنیة الطالبین” میں اور دیگرمفسرین وائمہ دین نے احادیث مبارکہ کے مضامین ومفاہیم کی روشنی میں پندرہویں شعبان کی رات کا نام ”شب برات” اس لئے رکھا ہے کہ برات کا معنیٰ ہے: دور ہونا،جداہونا، نجات پانا وغیرہا۔ اور اس رات اللہ تعالیٰ کے نیک بندے آخرت کی رسوائی و ذلت سے دور کر دیئے جاتے ہیںاور بد بخت لوگ (یعنی جو اس رات کو اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتے) اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ومغفرتوں سے دور رکھے جاتے ہیں۔
اس رات کو سال بھر کے فیصلے فرشتوں کے سپرد کر دیئے جاتے ہیں۔ ارشادِباری تعالیٰ ہے: ”اس رات ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کر دیا جاتا ہے” حضرت غوث الاعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ”اکثر مفسرین کے نزدیک اس آیت میں رات سے مراد شب برأت ہے۔” اُم المؤمنین حضر ت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ” تمہیں معلوم ہے کہ اس رات یعنی شعبان کی پندرہویں رات کو کیا ہوتاہے؟ عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول اس میں کیا ہوتا ہے؟ فرمایا: اس سال جس بچے نے پیدا ہونا ہے اس رات وہ لکھا جاتا ہے، اور اس سال میں جس نے وفات پانی ہے اس رات اسے لکھا جاتا ہے، اور اس رات(سال بھر کے ) اعمال اُٹھائے جاتے ہیں، اور (سال بھر کا)رزق نازل کیا جاتا ہے۔” ایک روایت میںاُم المو منین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے نبی اکرۖ سے سنا، آپ نے فرمایا: ”چار راتو ں میں اللہ تعا لیٰ خیروبرکت کی بارش فرماتے ہیں: عید الاضحی کی رات، عید الفطر کی رات، پندرہویں شعبان کی رات اس رات اللہ تعالیٰ کاموں (اور بالخصو ص موتوں)کے اوقات اور رزق لکھ دیتا ہے اور اس سال حج کرنے والوں کے نام لکھ دیتا ہے، اور عرفہ یعنی یوم الحج کی رات۔ ان راتوں میں خیر وبرکت کی برسات اذان فجر تک جاری رہتی ہے۔
حضرت عطاء بن یسار سے روایت ہے۔رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جب شعبان کی پندرہویں رات آتی ہے تو ملک الموت کو ایک کتاب دی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے جن کے نام اس کتاب میں ہیں اُ ن کی روحیں قبض کرو! بندہ باغات لگا رہا ہوتا ہے ، شا دیاں کر رہا ہوتا ہے اور عمارتیں تعمیر کر رہا ہوتا ہے (اور اسے معلوم نہیں ہوتا) کہ اسکا نام مرنے والوں میں لکھ دیا گیا ہوتا ہے۔ احادیث بالا سے ثابت ہوتا ہے کہ شب برات رحمتوں بخششوں اور مغفرتوں کی رات ہے، کچھ بد نصیب ایسے ہیں جن کی مغفرت اس بخشش بھری رات میں بھی نہیں ہوتی، جب تک کہ وہ سچی توبہ نہ کر لیں۔ اللہ تعالیٰ اس رات فرشتوں کو سال بھر کے اہم امور کا پروگرام دے دیتے ہیں۔ چونکہ بسا اوقات اللہ تعالیٰ اپنے لطف وکرم سے اپنی قضاوں میںتبدیلی بھی فرما دیتے ہیں، لہذا بندے کو چاہیے کہ اس رات اللہ تعالیٰ سے دنیا اور آخرت کی خیرات و برکات کا سوال کرے اور رب غفور و رحیم کی بارگاہ میں دنیا و آخرت کے مصائب و آلام سے نجات کا سوال کرے۔
شب برات کے معمولات ویسے تو تمام عبادات اور تمام کلمات طیبات برکت و رحمت اور ثواب کا ذریعہ ہیں، لیکن اس مبارک رات میں درج ذیل معمولات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، صحابہ کرام اور بزرگان سے ثابت ہیں: 15شعبان کا روزہ۔ اس کے بارے میں حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم روایت فرماتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”جب شعبان کی پندرہویں تاریخ آئے تو رات کو شب بیداری اختیار کرو اور دن کو روزہ رکھو بیشک اللہ تعالیٰ یعنی اس کی رحمت غروب آفتاب کے وقت نیچے والے آسمان پر نزول فرماتی ہے اور اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہے کوئی بخشش مانگنے والا کہ اسے بخشش دوں؟ ہے کوئی رزق مانگنے والا کہ اسے رزق دوں؟ ہے کوئی عافیت و سلامتی مانگنے والا کہ اسے عافیت و سلامتی دوں؟ ہے کوئی ایسا؟ ہے کو ئی ایسا؟ حتیٰ کہ صبح صادق طلوع ہو جاتی ہے۔” نوٹ: فقہاء اسلام کا اجماع ہے کہ حدیث بالا میں روزہ اور شب بیداری کا امر نبوی و جوب کیلئے نہیں ہے، بلکہ پندرہویں شعبان کا روزہ اور شب بیداری مستحب کے درجہ میں ہے۔
اس رات قبرستان جانا سنت نبوی ہے۔ جیسا کہ حدیث ام المو منین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہامیں اس کا واضح ذکر موجود ہے۔ لہذا شب برات کو قبرستان میں جانا بھی سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ نیز دیگر احادیث مبارکہ سے ثابت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر سال شہداء احد کی قبروں پر تشریف لے جاتے، اہل قبور کو سلام فرماتے اور دعا فرماتے۔ نیز مسلمانوں کو حکم دیا کہ اہل قبور کو سلام کہو۔ بلکہ سنن بیہقی شریف میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت مصعب بن عمیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قبر پر کھڑے ہو کر فرمایا: ”جو بھی انہیں سلام کہے گا یہ قیامت تک اس کا جواب دیں گے، اے مسلمانو! تم انہیں سلام کہو اور انکی زیارت کرو۔
Shab e Barat
ایک اور حدیث پاک میںہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ” میں تمہیں قبروں کی زیارت سے منع کرتا تھا، اب تم قبروں کی زیارت کرو! کیونکہ یہ عمل دنیا میں زُہد پیدا کرتا ہے، اور آخرت کی یاد دلاتا ہے۔” شب برات کا ایک اور عمل نبوی حضرت ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پندرہویں شعبان کو دو رکعت نفل پڑھے، دو سری رکعت میں آپ نے لمبا سجدہ کیا جو کہ فجر تک جاری رہا۔ مجھے خدشہ ہوا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کہیں حالت سجدہ میں وصال تو نہیں فرما گئے، میں نے آپ کے پاوں کو ہاتھ لگایا تو حرکت فرمائی اور میں نے آپ سے حالت سجدہ میں یہ کلمات سنے: اَعُوْذُ بِعَفْوِکَ مِنْ عِقَابِکَ وَ اَعُوْذُ بِرَضَاکَ مِنْ سَخَطِکَ وَاَ عُوْ ذُبِکَ مِنْکَ جَلَّ ثَنَاوُکَ لَا اُحْصِیْ ثَنَائً عَلَیْکَ اَنْتَ کَمَا َاثْنَیْتَ عَلٰی َنفْسِکَ” نماز سے فارغ ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے فرمایا: ان کلمات کو یاد کرلو اور دوسروں کو انکی تعلیم دو۔ نوافل نبوی ”سنن بیہقی شریف” میں حضر ت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم سے روایت ہے، فرماتے ہیں: ”میں نے دیکھا کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس رات کو 14 رکعت نفل پڑھے، اور ہر رکعت میں سورہ فاتحہ 14بار، قل شریف 14بار، سورہ فلق 14 بار، سورہ ناس 14 بار، آیت الکرسی 1بار اور آیت مبارکہ ”لَقَدْ جَآئَ کُمْ رَُسْول مِنْ اَنْفُسِکُمْ عَزِےْز عَلَےْہِ مَا عَنِتُّمْ حَرِےْص عَلَےْکُمْ بِالْمُؤْمِنِےْنَ رَؤُفُ الرَّحِےْم۔” 1بار پڑھی اور فرمایا: جو اس طرح کرے گا، اسے 20 حج مبرور ، 20 سال کے مقبول روزوں کا ثواب ملے گا۔ اور جو آئند ہ دن روزہ رکھے گا اسے 120 سال کے روزوں کا ثواب ملے گا۔
صلوٰة الخیر ”غنیة الطالبین” میں شیخ عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”شب برات کو ”صلوٰة الخیر” ایک سو رکعت نوافل اور ہر رکعت میں دس بار قل شریف پڑھنا ہے۔ اور حضرت امام حسن بصری رحمة اللہ علیہ سے روایت ہے فرماتے ہیں: ”مجھے تیس صحابہ کرام نے بتایا کہ جو شخص اس رات کو ”صلوٰة الخیر” پڑھے گا تو اللہ تعالیٰ اس پر ستر بار نظر کرم فرمائے گا، اور ایک بار نظر کرم سے اس کی ستر حاجتیں پوری فرمائے گا، جن میں کم از کم ایک حاجت گناہو ں کی بخشش ہے۔” استاذی مکرم مفتی اعظم سید ابو البرکات لاہوری اپنے ایک رسالہ میں جو کہ شب برأت کے موضوع پر لکھا ہوا ہے، میں درج ذیل وظائف تجویز فرمائے ہیں: 1۔ صلوٰة الخیر، جس کا طریقہ پہلے ذکر کیا گیا ہے۔ 2۔ دس رکعت نفل ہر رکعت میں دو بار قل شریف ہو۔ 3۔ نماز مغرب کے بعد اور عشاء سے پہلے چھ رکعت نفل دو دو رکعت کے ساتھ پڑھنا، جبکہ ہر رکعت میں چھ بار قل شریف ہو ، پھر پہلی دو رکعت کے بعد ایک بار سورہ یس، اور اسکے بعد عمر میں برکت کی دعا، پھر دوسری دو رکعت کے بعد دوبارہ سورہ یس اور پھر رزق کی فراخی کیلئے دعا، اور آخری دو رکعتوں کے بعد پھر سورہ یس اور پھر خاتمہ بالایمان کی دعا مانگے۔ آخر میں یہ کلمات : ” اَلّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوّ تُحِبُّ الْعَفْوَ۔”کثرت کیساتھ پڑھے۔ گناہوں سے توبہ اور حقوق العباد کا تدارک احادیث بالا کے مطابق شب برأت کو سال بھر کے اعمال اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کئے جاتے ہیں۔ لہذا شب برات کو مغرب سے پہلے والدین، بھائیو ں ، بہنوں، رشتہ داروں، ہمسایوں اور دیگر لوگو ں سے اپنی زیاتیوں کی معافی مانگ لینی چاہیے، اور اگر کسی کا کو ئی حق ذمہ میں ہو تو اسکی ادائیگی کر دینی چاہیے یا پھر صاحب حق سے معافی مانگ لینی چاہیے، تاکہ اعمال جب اللہ کی بار گا ہ میں پیش ہو ں تو بندوں کیساتھ زیادتیوں کے گناہ دھل چکے ہوں۔
ارکان توبہ: اس طرح اس شب میں رب غفور الرحیم سے اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہیے۔ توبہ کیلئے چار چیزیں ضروری ہیں: 1۔ رب کریم کی بار گاہ میں گنا ہو ں کا اعتراف۔ 2۔ گذشتہ گناہوں پر سخت ندامت اور آہ وزاری۔ 3۔ آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ اور سچا وعدہ۔ 4۔ گناہ کی تلافی۔ مثلا نمازیں نہیں پڑھیں تو حساب یا اندازے سے بالغ ہونے کے بعد کی تمام فر ض اور واجب نمازیں قضا کرے، اسی طرح رمضان کے روزوں کی قضاکرے، اسی طرح جتنے بر س کی زکوٰة ادا نہیں کی حساب یا اندازے سے زکوٰة ادا کرے۔ حد یث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے: ” جو شخص (شرع شریف کے بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق)توبہ کرنے والا ہے، وہ ایسا ہے جیسا کہ اس نے کوئی گناہ نہیں کیا” لہذا شب برأت کے موقع تمام گناہوں کی معا فی مانگنی چاہئے اور فوت شدہ عبادات کی قضا کا پختہ ارادہ کر لینا چاہیے۔ ایک خاص وظیفہ یہ رات حکم و قضا کی رات ہے، اللہ تعالیٰ فرشتوں کو سال بھر کا پروگرام دے دیتے ہیں، اس میں موت و حیا ت، اعمال نیک و بد، ہر قسم کے رز ق اور انعامات، مصائب و آلام اور بیماریوں کا پروگرام بھی دیا جاتا ہے، لہذا اس شب کو اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کے خیر و برکت کی دعا ئیں مانگنی چاہئیں۔ مرشدی واستاذی والد صاحب قبلہ قدس سرہ العزیز جو کہ ”دربار عالیہ بغداد شریف” اور ”دربار عالیہ بٹالہ شریف” کے خلیفہ مجاز ہیں، آپ اس رات کو نماز مغرب و عشاء کے درمیان درج ذیل و ظیفہ پر خود بھی عمل کرتے تھے اور اپنے اہلخانہ اور مریدین و تلا مذہ کو بھی اس وظیفہ کی ترغیب دیتے تھے اور فرماتے تھے: اس وظیفہ سے عمرو رزق میں برکت ہوجاتی ہے اور مصائب ومشکلات سے نجات ہوتی ہے۔
Shab e Barat Prayer
شب برات کا خاص و ظیفہ یہ ہے کہ نماز مغرب کے بعد اور عشاء سے پہلے تین بار سورة یس پڑھے اور ہر بار سورہ یس کے بعد درج ذیل دعا بھی پڑھے، اور پہلی بار دعا میں درازی عمر کی نیت کرے، جبکہ دوسری بار میں دفع بلیات کی اور تیسری بار اس دعا میں استغناء (مخلوق کا محتاج نہ ہونے ) کی دعا کرے۔ دعا یہ ہے: ” اَللّٰھُمَّ یَاذَالْمَنِّ وَلَا یُمَنُّ عَلَیْہِ َیا ذَا الْجَلَالِ وَاْلِاکْرَامِ یَا ذَا الطَّوْلِ وَاْلِانْعَامِ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ ظَھْرَ اللَّا جِیْنَ وَ جَارَ الْمُسْتَجِیْرِیْنَ وَ اَمَانَ الْخَائِفِیْنَ۔ اَللّٰھُمَّ اِنْ کُنْتَ کَتَبْتَنِیْ عِنْدَکَ فِیْ اُمِّ الْکِتَابِ شَقِیََّاً اَوْ مَحْرُوْمََاً اَوْ مَطْرُوْدََاً اَوْ مُقْتَرًا عَلَیَّ فِی الّرِزْق فَامْحُ اللّٰھُم َّ بِفَضْلِکَ شَقَاوَتِیْ وَ حِرْ مَانِیْ وَ طَرْدِیْ وَ اِقْتَارَ رِزْقِیْ وَاَثْبِتْنِیْ عِنْدَکَ فِیْ اُمِّ الْکِتَابِ سَعِیداً مَّرْزُوْقاً مُّوَفَّقاً لّلِْخَیْرَاتِ فَاِنَّکَ قُلْتَ وَ قَوْلُکَ الْحَقُّ فِی کِتَابِکَ الْمُنَزّلِ عَلٰی لِسَانِ نَبیِّکَ الُمْرسَلِ یَمْحُواللّٰہُ مَایَشَائُ وَ یُثْبِتُ وَ عِنْدَہ اُمُّ الْکِتَابِ، اِلٰٰھِیْ بِالتَّجَلِّی الْاَعْظَمِ فِیْ لَیْلَةِ النِّصْفِ مِنْ شَہْرِ شَعْبَانَ الْمُکَرَّمِ الَّتِی یُفْرَقُ فِیْھَا کُلُّ اَمْرٍ حَکِیْمٍ وَّ یُبْرَمُ اَنْ تَکْشِفَ عَنَّا مِنَ الْبَلَائِ مَانَعْلَمُ وَ مَا لَا نَعْلَمُ وَمَاَ اَنْتَ بِہ اَعْلَمُ اِنَّکَ اَنْتَ الْاَعَزُّ الْاَکْرَ مْ، وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی سَیّدِنَا مُحَمَّدِ نِ اَلنَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَعَلٰی آلِہ وَصَحْبِہ وَسَلَّمْ۔”
نوٹ: جو یہ دعا نہ پڑھ سکے وہ تین بار سورہ یس پڑھ کر دعا کرلے۔ شب برات کو غیر شرعی رسوم کا رواج راقم الحروف کے نزدیک درج ذیل وجوہات کی بنا ء پر آتش بازی حرام ہے اور جو والدین اور ذمہ دار حضرات آتش بازی سے نہیں روکتے وہ سخت گناہگار ہیں: ٭ آتش بازی کھلا اسراف و فضول خرچی ہے، اور ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ترجمہ: ”بیشک بغیر کسی غرض کے پیسہ ضائع کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں۔” ٭ اس شب کو خصوصی طور پر آتش بازی حرام ہے کہ لیلہ مبارکہ اور ملائکہ کی بے ادبی ہے۔ ٭ آتش بازی سے عبادت گزاروں کی عباد ت، علما ء وطلبہ کی تعلیم وتعلم،اور بیماروں، بوڑھوں اور تھکے ماندے لوگوں کے آرام و نیند میں خلل ڈالنا ہے، جو کہ ظلم و زیادتی ہے اور عبادات کی سخت تو ہین اور علم کا نقصان ہے۔ ٭ آتش بازی سے بسااوقات دکانوں، گھروں اور قیمتی اشیاء کو آگ لگ جاتی ہے، اور ہر سال درجنوں لوگوں کی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ لہذا آتش بازی سخت ”فساد فی الارض” ہے۔ ٭ نیز آتش بازی کے بہانے بچے شب بھر گھروںسے باہر رہتے ہیں، غلط ماحول اور غلط سو سائٹی کی وجہ سے جرائم اور کبیر ہ گناہو ں کی عادت پڑنے کا قوی اندیشہ ہے، لہذا آتش بازی سخت خطرناک و حرام ہے۔ کئی ایک مقامات پر رواج ہے کہ سال بھر میں جس گھر موت واقع ہوتی ہے، عورتیں موت واے گھر جاکر ماتم و نوحہ کرتی ہیں۔ صحابہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ماتم و نو حہ کرنے والی اور سننے والی دونوں پر لعنت کی ہے۔” ایک اور حدیث میں ہے: ”وہ ہم میں سے نہیں جو (بوقت مصیبت ) اپنے رخساروں پر طمانچے مارے، اپنے گریباں پھاڑے یا زمانہ جاہلیت کی طرح بین کرے۔”الغرض حکومت پر لازم ہے کہ اس انتہائی خطرناک رسم کا سختی کے ساتھ انسداد کرے۔ اور اساتذہ، علمائ، والدین، اور ہر علاقہ کے معززین کی شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ ”امر بالمعروف و نہی عن المنکر” کے تحت ان برائیوںسے روکنے کیلئے تمام مناسب تدابیر اختیار کریں، اور شب برأت کی مبارک گھڑیوں کو غیر شرعی رسوم سے پاک کر کے ثواب دارین حاصل کریں۔