وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شباب ملی کے زیر اہتمام اسلامک سینٹر میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا اس موقعہ پرمہمان خصوصی صدر شباب ملی پاکستان زبیر گوندل نے ورکرز کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود مسائل کا واحد حل اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے میں ہے انہوں نے کہا کہ یہود ونصاریٰ مسلمانوں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں اس لئے امت مسلمہ کو آپس میں متحد ہو کر ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کی غرض سے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑوا رہے ہیں ۔ موجودہ حالات میں مسلمان ممالک اور ان کی عوام کو آپس میں اتفاق اتحا د اور امن ومحبت کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔ زبیر گوندل نے کہا کہ ملک کی بعض سیاسی جماعتیں عوام الناس کی خیر خواہ نظر نہیں آتیں اقتدار اور اختیار کو ذاتی وسائل کے انبار لگانے میں استعمال کیا جارہا ہے اور اقتدارمیں آنے کیخاطر آپس میں نفرتیں بڑھائی جارہی ہیں غلط طرز عمل، غلط سیاست سے ملک کو تباہی کی جانب دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگرسیاسی جماعتوں سے مایوس عوام کی واحد امید جماعت اسلامی ہے جس کی قیادت خدا خوفی رکھنے والے افراد پرمشتمل ہے جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس پر کسی بھی خاندان کا غلبہ نہیں ہے۔ یہ پرعزم سیاستدانوں اور سرگرم کارکنوں کی جماعت ہے شباب ملی کا ہر جوان پاکستان کا سپاہی ہے۔ شباب ملی ملک کے محفوظ مستقبل کے لئے نوجوانوں کی کردار سازی کررہی ہے،پاکستان کی کل آبادی کا 70 فیصد حصہ 30 سال یااس سے کم عمرنوجوانوں پرمشتمل ہے۔
بے روزگاری، بدامنی، مہنگائی آج کے نوجوان کے مسائل ہیں نوجوانوں کی تعلیم کے حصول میں بڑی رکاوٹ یہی مسائل ہیں۔ شباب ملی نوجوانوں کے ذریعے قوم کوچوروں اورلیٹروں سے نجات دلائے گی، پاکستان میں اٹھاسی فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ وفاقی وصوبائی حکومت نے قومی خزانے کواپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے۔ عوام آج بھی تعلیم،صحت اورروزگاری جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ اس موقعہ پر ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب وسیم شاہد اولکھ، ضلعی صد رگوجرانوالہ خالد چہل، ضلعی نائب صدر شباب صابر حسین بٹ، زونل صدرزمان حیدر چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔