بالی وڈ (جیوڈیسک) ماضی کے معروف شاعر کیفی اعظمی کی بیٹی اور حال کے معروف شاعر جاوید اختر کی بیگم شبانہ اعظمی کی پیدائش بھی ستمبر کے مہینے میں ہوئی اور اسے فلموں میں بریک تھروبھی اسی ماہ کے آخر میں چوبیس ستمبر کو ملا۔
شبانہ نے اس کے بعد کئی معروف فلموں میں کام کیا، جن میں شطرنج کے کھلاڑی، ارتھ ، سوامی، منڈی، فقیرا، پرورش، امر اکبر انتھونی، معصوم اور جنون وغیرہ شامل ہیں۔
فلم نگری میں اپنے چالیس سال مکمل ہونے پر شبانہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ڈائریکٹر شیام بینگل کو کبھی نہیں بھلا سکتی جنہوں نے فلم میں آنے کو موقع دیا۔ فلموں کے علاوہ وہ سوشل کاموں میں بھی پیش پیش ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے ایک این جی او بھی بنا رکھی ہے۔
شبانہ اعظمی نے کمرشل اور آرٹ فلموں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی فلموں میں بھی اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اپنی پہلی ہی فلم میں بہترین اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرنے والی شبانہ اعظمی نے اپنے فلمی کیرئیر میں پانچ نیشنل فلم اورچار فلم فیئر ایوارڈزکے ساتھ متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کیے۔ 1984ء میں معروف گیت نگار جاوید اختر سے شادی کے بعد شبانہ اعظمی نے اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن کے طور پر بھی کام کا آغاز کیا۔
شبانہ اعظمی کی اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں 2006 ء میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔