لندن (جیوڈیسک) لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں نجی سکول کے گرلز سیکشن پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ درندہ صفت اور تعلیم دشمن دہشت گرد خواتین پر تعلیم کے دروازے بند کرنے کے لئے سکولوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے گرلز سکول پر دستی بم حملے کو کھلی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے اور انہیں تعلیم سے دور کرنے کے لئے بزدلانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور اس سے قبل بھی یہ دہشت گرد متعدد گرلز سکولوں کو بم دھماکوں سے تباہ کر چکے ہیں۔
الطاف حسین نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور خیبر پختونخوا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں گرلز سکول پر دستی بم حملے کا نوٹس لیا جائے اور تعلیم دشمن عناصر اور ان سرپرستوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔