شب قدر (جیوڈیسک) ملک بھرمیں اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جا ری ہے، سخت گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، شب قدر میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے دھرنا دیا۔ ٹنڈوالہٰ یار میں بھی لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے، طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف قومی وطن پارٹی نے شب قدر پشاور روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ ٹنڈوآلہٰ یار کے علاقے نصرپور میں 2 روز سے بجلی نہیں ہے۔ علاقہ مکین بجلی کی جبری بندش کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے بائی پاس کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا ٹائر جلائے اور محکمے کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بھی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں، شہری علاقوں میں کم از کم 10 سے 12 اور زیادہ سے زیادہ 14 سے 16 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں میں صرف 2 سے 4 گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جارہی ہے، طویل لوڈشیڈنگ سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔