کراچی (جیوڈیسک) ہم ٹی وی کے نئے ڈرامہ سیریل ’سایہ دیوار بھی نہیں‘ معاشرتی مسائل اور رشتوں کی اُلجھی ڈور سے گندھی کہانی ہے جس کا مرکزی کردار شہلا ہے۔
شہلا سید صاحب کو سرراہ ملی اور انہوں نے نہایت ناز و نعم سے شہلا کی پرورش کی لیکن سید صاحب کے گھرانے میں ہلچل اس وقت پیدا ہوئی جب انہیں شہلا اور اپنے بیٹے حیدر کی محبت کی خبر ہوئی۔
سید صاحب نے شہلا کی شادی اپنے ہم پلہ گھرانے کے منصور سے کر دی جو اسے لے کر بیرون ملک چلا گیا جہاں ان کے تین بچے پیدا ہوئے۔
اسی دوران منصور کی ایک ماڈل گرل شیزا میں دلچسپی کا علم ہوتے ہی شہلا منصور سے طلاق لے لیتی ہے۔ وہ بچے منصور کے پاس چھوڑ کر ایک عیسائی دوست سے دوسری شادی کر لیتی ہے جس سے اس کا بیٹا ولیم پیدا ہوتا ہے۔
ادھر بچے منصور کی عدم دلچسپی کے سبب مختلف مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔ یہاں تک کہ والدین کے فیصلے بچوں کی زندگیوں کو اس نہج پر لے آتے ہیں جہاں سے واپسی بھی مشکل نظر آنے لگتی ہے۔
’سایہ دیوار بھی نہیں‘ قیصرہ حیات کی تحریر کردہ ہے۔ ہدایات شہزاد کاشمیری نے دی ہیں۔ پروڈکشن کا ذمہ میمونہ دُرید پروڈکشنز نے اٹھایا جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں احسن خان، نوین وقار، عماد عرفانی، نور خان، حنا الطاف، جمال شاہ، عرفان کھوسٹ اور صائمہ خان۔