کراچی (جیوڈیسک) برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات کا آغاز آج ہو رہا ہے، جس کیلئے عرس کی تیاریاں جاری ہیں۔ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر تھے، انہوں نے ساری زندگی لوگوں کو انسانیت کا درس دیا ۔شاہ جو رسالو آپ کا مشہور شعری مجموعہ ہے جس میں محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا گیا ہے۔
آپ کا عرس ضلع مٹیاری کے علاقے بھٹ شاہ میں ہوتا ہے جس میں دور دور سے لوگ ان کے مزار پرآتے ہیں۔اس موقع پر زائرین کا کہنا تھا کہ یہ عرس ہورہا ہے یہاں آکر بہت اچھا لگتا ہے،بڑوں سے سنتے آرہے ہیں لطیف سرکار کی درگاہ پرجو منتیں دل سے مانگتےہیں اللہ کے فضل و کرم سے پوری ہوجاتی ہیں۔
عرس کے موقع پر مزار کے احاطے میں شاہ صاحب کے فقیر آپ کا کلام سناتے ہیں اور دھمال ڈالتے ہیں۔ محکمہ اوقاف ہر سال عرس کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لئے انتظامات کرتا ہے۔ محکمہ اوقاف کے مطابق عرس کے دوران ادبی محفل، ملاکھڑا کے مقابلے، زرعی نمائش اور راگ رنگ کی محفل بھی زائرین کے لئے دلچسپی کا باعث ہوتی ہے۔