کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی رحلت سے پاکستان ایک بہترین دوست ‘ غمگسار اور عالمی سطح پر بہترین حلیف و ساتھی سے محروم ہو گیا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ کی وفات کو امت مسلمہ کیلئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اور میری قومی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ اور سعودی عرب کے دوستانہ کردار و شاہ عبداللہ کی خدمات کے معترف پاکستان کے عوام سعودی شاہی خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہیں اورسعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر غمزدہ وسعودی شاہی خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت کیلئے جاری کردہ پیغام میں پرویز مشرف نے کہا کہ شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز کے انتقال کی خبر تمام مسلم دنیا کے لئے افسوسناک ہے‘ انسانیت اور ملت کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی بالخصوص پاکستان کے عوام ان کی دوستی ‘ خلوص اور ہر موقع پر بڑھائے جانے والے دست تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔پرویز مشرف نے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکے بھائی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو سعودی عرب کے نئے فرماں روا کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ شاہ عبداللہ کے امت مسلمہ کے اتحاد ‘ یکجہتی اور فلاح کے کردار کو اپنائیں گے اور پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کا روایتی تعاون و خلوص مستقبل میں مزید مستحکم و وسیع ہوگا ۔