بہار شریف : بہار شریف میں سلطان المحقنین ، نازش بلخیاں حضرت مخدوم جہاں شیخ شرف الدین احمد یحییٰ منیری رحمتہ اللہ علیہ کا 655 واں عرس مبارک پیر طریقت حضرت مولانا حکیم سید شاہ علیم الدین بلخی ندوی فردوسی زیب سجادہ مخدوم جہاں شیخ شرف الدین یحییٰ منیری کے زیر سرپرستی 6 شوال المکرم کو انجام پایا۔
واضح رہے کہ یہ عرس مخدوم جہاں رحمتہ اللہ علیہ کے مجاز و خلیفہ حضرت مولانا برہان الدین مظفر شمس بلخی رحمتہ اللہ علیہ سے اباً و جداً بلخیوں کی سرپرستی میں ہوتا آ رہا ہے جو اب تک جاری و ساری ہے۔اس موقع پر زیب سجادہ شاہ علیم الدین بلخی نے مخدوم جہاں کے مزار پر چادر پیش کی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا۔
قوالوں نے حمدیہ ونعتیہ کلام ، بالخصوص منقبت پیش کر کے روحانی سماں باندھ دیا۔ عرس کی اس پروقار تقریب میں سید شاہ ابو الفرح عبد اللہ، خلیفہ و مجاز سید شاہ علیم الدین بلخی، پروفیسر ڈاکٹر تسنیم بلخی، سید شاہ نصر الدین بلخی فردوسی، سید شایان غنی فردوسی، سید شاہ ابصار بلخی فردوسی، سید شاہ اقبال عرف بابی، حافظ ماہتاب عالم، حمید خاں کھجوری، سید شاہ احسان احمد فردوسی، زیب سجادہ خانقاہ فردوسیہ خلوت، سید شاہ ضحی اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مخدوم جہاں کا روحانی فیض حاصل کیا۔