کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ فوری اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام کی درستگی کو یقینی بنا ئے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی نمبر3میں اپنی نگرانی میں ڈسلٹنگ مشین کے ذریعے سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بناتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر شاہ فیصل زاہد احمد ،XENواٹر شاہ رخ ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور شاہ فیصل زون کے انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران و ذمہ دران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے حوالے سے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں بڑھتے ہوئے شکایات کے ازالے کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشیں بروئے کار لایا جائے اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست قیادت علاقائی ترقی اور عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے مصروف عمل ہے،انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام کی عدم موجود گی کی وجہ سے علاقائی سطح پر عوام بنیادی مسائل کا شکار ہیں۔
ترقیاتی امور کے حوالے سے حکومتی عدم توجہی اور فنڈ کی عدم فراہمی کے وجہ سے شہر کے تمام علاقوں میں ترقیاتی امور ٹھپ اور علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے علاقائی سطح پر درپیش فراہمی و نکاسی آب اور بلدیاتی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا ئیں گے۔