شاہ فیصل کالونی میں فراہمی و نکاسی آب اور بلدیاتی مسائل پر حق پرست بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج

NISHAT ZIA QADRI MEETING

NISHAT ZIA QADRI MEETING

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخاب کے باوجود منتخب نمائندوں کو اختیار دینے میں سندھ حکومت کی جانب سے تاخیری حربوں سے علاقائی سطح عوام مسائل کا شکار اور شہری و دیہی علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں ،سندھ کی سائیں سرکار عوامی خدمت میں ناکام ہوچکی ہے شہر کراچی کی عوام پانی سیوریج اور صفائی وستھرائی کے بنیادی مسائل کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کی تمام یونین کمیٹیز میں فراہمی و نکاسی آب اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے شاہ فیصل زون کے نو منتخب چیئر مین ،وائس چیئر مین ،کونسلرز اور بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نومنتخب چیئر مین وائس چیئر مین نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے عوامی مسائل اور اداروں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کی پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتا یا کہ عوام شدید مسائل سے دو چار ہیں اور اپنے منتخب نمائندوں سے مسائل کا حل چاہتے ہیں مگر بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے افسران ہماری تجاویز اور درخواستوں پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنارہے ہیں۔

اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیہ کورنگی ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سمیت دیگر بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے منتخب نمائندوں کی تجاویز اور درخواستوں پر عمل کرکے عوام کو مسائل سے نجات دلائیںورنہ عوام علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش شدید مسائل پر احتجاج پر مجبور ہونگے۔

اس موقع پر انہوں نے واٹر ایند سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے موثر اقدامات کرکے سیوریج سسٹم کو درست کیا جائے تاکہ گلیوں اور محلوں میں موجود گندے پانی کے جوہڑ کا خاتمہ ہوسکے۔