کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئرمین عالم علی نے شاہ فیصل کالونی میں قائم کارڈک سینٹر، 50 بستروں کا ہسپتال اور میٹرنٹی ہوم محکمانہ عدم توجہی کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ہیلتھ کے علاقائی افسران کی لاپراہی کی وجہ سے آج تک شاہ فیصل کالونی میں کثیر عوامی وسائل سے تعمیر کئے طبی ادارے آج تک عوام کو سہولت پہنچانے سے قاصر ہیں 50 بستروں کے اسپتال اور کارڈک سینٹر میں طبی سہولیات کے حوالے سے دستیاب مشنری کے باوجود آج تک یہ ادارے فعال نہیں ہوسکے۔
سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی صوبائی وزیر صحت سے اپیل کی ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے دعوے کو عملہ جامہ پہنانتے ہوئے شاہ فیصل کالونی میں قائم کارڈک ایمرجنسی سینٹر ،50بستروں کا اسپتال اور میٹرنٹی ہومز جوکہ شاہ فیصل کالونی نمبر1میں واقع ہے کو فوری فعال کرنے کے احکامات صادر کریں عالم علی نے کہا ہے کہ ان طبی مراکز میں عملے کی کمی اور دیگر امور کی دستیابی سے علاقہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہو سکیں گی۔