شاہ فیصل کالونی میں شہر کا معیاری اسٹیڈیم اور جمنازیم کی تعمیر سندھ حکومت کا نوجوانوں کو تحفہ ہے

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معائون خصوصی نادر حسین خواجہ نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی میں شہر کا معیاری اسٹیڈیم ،جمنازیم اور شوٹنگ بال کورٹ کی تعمیر سندھ حکومت کا شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی پنجاب گرائونڈ (شاہ فیصل اسٹیڈیم) پر منعقدہ تقریب میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے شہر کراچی کے معروف اسپورٹس آرگنائزر نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا۔

نادر حسین خواجہ نے مزید کہاکہ کھلاڑی امن کے سفیر ہیں اور قیام امن کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ بے حد ضروری ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں اس حوالے سے کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر کام کا آغاز کردیا گیا۔

کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے نادر حسین خواجہ نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا اور انشا اللہ چند ماہ میں یہاں کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو ایک معیاری کھیل کا میدان میسر آئے گاانہوں نے کھلاڑیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کو میدانوں کی طرف راغب کریں۔