شاہ فیصل کالونی میں یوم دفاع پر امن میراتھن ریس سے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کا خطاب

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے لئے ہم اپنے جسم کے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے مگر مملکت خداد پر آنچ نہیں آنے دیں، اتحاد ہی بہترین ہتھیار ہے پاکستانی قوم کا اتحاد ہی تھا کہ ہم 1965ء میں دشمن کے سامنے سینہ سپر رہ کر اپنے وطن کے دفاع کو یقینی بنا سکے آج پاکستانی قوم کو اسی اتحادو یکجہتی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا جب ہی ہم ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو نہ صرف شکست دے سکتے ہیں بلکہ وطن سے دہشت گردی ،فرقہ واریت کا خاتمہ کرکے پاکستان کو دنیا کا امن پسند ملک بنا سکتے ہیں 6ستمبر وطن سے تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم آج اس بات کا عزم کریں ہم بلا رنگ و نسل دفاع وطن کے لئے مکمل اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر منعقدہ “امن میراتھن ریس”برائے پیغام امن ،محبت و قومی یکجہتی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گینز ورلڈ ریکارڈ ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان سمیت شہر کی ممتاز سماجی ،سیاسی اور تعلیم و کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھے امن میراتھن ریس میں شاہ فیصل کالونی کے سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء و طالبات، کرکٹ،فٹ بال اور ہاکی سمیت کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا کہ 6ستمبر 1965ء کے جذبے کی آج وطن کو ضرورت ہے اتحاد ویکجہتی کے ذریعے ہی ہم اپنے وطن کے دفاع کے ساتھ ملک کو ترقی اور عوامی خوشحالی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ مجاہدان وطن ہے وطن کی سلامتی اور اس کی حفاظت کے لئے قائد تحریک محترم الطاف حسین کا ہر ایک سپاہی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے گینزورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان کو امن و یکجہتی کے حوالے سے یوم دفاع وطن کے موقع پر میراتھن ریس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دیلایا۔ اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے زیر اہتمام دفاع وطن کے موقع پر منعقدہ امن میراتھن ریس برائے پیغام امن ،محبت و قومی یکجہتی شمع شاپنگ سینٹر چوک شاہ فیصل کالونی نمبر2سے آغاز ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس شمع شاپنگ سینٹر چوک پر اختتام پذیر ہوا۔