شاہ فیصل کالونی میں سرکاری طبی اداروں اور اسکولوں کو فعال بنانے کے لئے اجلاس

کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے سرکاری طبی مراکز کو فعال بنا یا جائے ،شاہ فیصل کالونی میں ہسپتال ،میٹرنٹی ہومز ،ڈسپنسریز اور کارڈک ایمرجنسی سینٹر موجود ہے مگر ڈاکٹرز اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے عوامی سہولیات پہنچا نے سے قاصر ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ طبی مراکز خصوصاً کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل ٹائون میں ڈاکٹر ز اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شاہ فیصل ٹائون اور اس کے گرد نواح کی عوام اس سے استفادہ حاصل کرسکیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون میں سرکاری طبی اداروں اور درسگاہوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان ،میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج الدین ،ٹائون ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نصرت علی سید اور محکمہ تعلیم کے افسران کے علاوہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں محکمہ صحت اور تعلیم کے حوالے سے شاہ فیصل ٹائون میں اقدامات کی بہتری کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے ہیلتھ اور ایجوکیشن آفسران کو کو ہدایت کی کہ وہ طبی اداروں اور درسگاہوں کو فعال بناکر عوام کو سستی معیاری سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی نظام کو درست بنائیں اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ہسپتالوں اور درسگاہوں پر قبضہ اور تجاوزات کے قیام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے محکموں کے کا رکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں اور درسگاہوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے موثر انتظامات کئے جائیں اور موثر حفاظتی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی میں تمام غیر فعال طبی مراکز اور درسگاہوں کو فعال بنا یا جائے تاکہ علاقہ مکین اس سے استفادہ حاصل کرسکیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ بلدیہ کورنگی عوام کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کے قیام کے ساتھ علاقائی ترقی کو بھی یقینی بنارہی ہے اور انشا اللہ ضلع کورنگی کی حدود میں درسگاہوں اور طبی مراکز کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور باہمی تعاون کے ذریعے فعال بنایا جائیگا۔

Muhammad Ali Khan

Muhammad Ali Khan