کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ کے چیئر مین شرف الزماں نے کہا ہے کہ علم کی کوئی منزل نہیں ہوتی علم جتنا حاصل کیا جائے کم ہے تعلیم انسان کو سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت اور جستجو پیدا کرنے کے ساتھ معاشرے کا بہترین فرد بناتا ہے علم سے دوری انسان کو اندھیرے میں لے جاتی ہے۔
جہالت کو ختم اور علم کو فروغ دیکر بہتر فرد کے ساتھ ملکی ترقی اور استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی میں ہیپی ٹائم اسکول سسٹم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاتقریب سے اسکول کے بانی محمد اکرم اور چیئر مین مسعود احمد ہاشمی نے بھی خطاب کیا افتتاح کے موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
جس میںطلباء و طالبات اور والدین کی کثیرتعداد بھی موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرف الزماں نے مزید کہاکہ فروغ علم کے لئے تعلیمی معیار کو بہتر بنا نا ہوگا آل پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ تعلیمی معیار کی بہتر ی کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ نجی اداروںکے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے علم کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے جدو جہد کررہے ہیں۔
جو قابل ستائش ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے بانی محمد اکرم اور چیئر مین مسعود احمد ہاشمی نے کہاکہ ہیپی ٹائم اسکول سسٹم شاہ فیصل کالونی کا مثالی درسگاہ ثابت ہوگا اور انشا اللہ شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں اسکول کے مزید کیمپس قائم کئے جائیں گے۔