کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماء سلیم الدین انصاری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء کا دن پاکستان تاریخ کا سیاہ دن ہے اس دن ایک آمر نے عوامی حکومت کا تختہ پلٹ کر عوام جمہوریت اور سیاست سے محروم کردیا تھا یہ دن ہمیشہ سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا جو کہ آئین شکنی کا بدنما داغ ہے۔
ان خیالات کا اظہار سلیم الدین انصاری نے پاکستان پیپلز پارٹی شاہ فیصل کالونی کے زیر اہتمام5جولائی یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان کے علاوہ عوام کی کثیرتعداد نے شرکت کی سلیم انصاری نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ طویل اور صبر ازما جدو جہد کے بعد الحمد اللہ جمہوریت کا پودا طلوع ہو چکا ہے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان کا خون شامل ہے لیکن آج یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ملک و ملت کی سربلندی اور ترقی صرف اور صرف قائد اعظم اور قائد عوام کی جمہوری روایات پر مبنی پالیسیوں کے فروغ سے ہی ممکن ہے اور جمہوریت ہی اس ملک کے روشن مستقبل اور عوامی خوشحالی کی ضمانت ہے ،5جولائی 1997ء کو عوام کے سیاسی قائد کو اقتدار سے محروم کرکے ملک میں افرا تفری ،انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ دیکر عوام کو باہم دست و گریباں کیا گیا۔
زبان ،نسل اور مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کیا گیا اور آمر نے ملک میں سیاست کو ناکام ثابت کرنے کے لئے ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کی بنیاد ڈالی۔احتجاجی جلسے میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ظلم و جبر کے خاتمے اور جمہوریت کے پودے کو پروان چڑھانے کے لئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو تکمیل تک پہنچا کر چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی کا قلعہ بنایا جائیگا۔