کراچی : ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت شاہ فیصل اور کورنگی زونز میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لئے پیر اور منگل کی درمیانی شب چلائی جانے والی مہم کے دوران180آواہ کتوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ فیصل زون اسلم پرویز اور ڈپٹی ڈائریکٹر سید محمد احمد نقوی کے ہمراہ شاہ فیصل اور کورنگی زونز کا دورہ کر کے کتا مار مہم میں مارے گئے آوارہ کتوں اور علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شاہ فیصل اور کورنگی زونز کی جانب سے آوارہ کتوں کے خاتمے کے حوالے سے مہم کو سراہتے ہوئے کہاکہ آوارہ کتوں کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے تواتر کے ساتھ مہم چلائی جائے انہوں نے ہدایت کی کہ مارے گئے کتوں کو مکمل حفاظت میں زمین کے نیچے دفن کیا جائے بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شاہ فیصل اور کورنگی زونز کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے حوالے سے علاقائی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ نے بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل اور کورنگی زونز میں کتا مار مہم اور صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے جاری انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔